آسٹریلین کرکٹ ٹیم میں اتحاد کا تصور غلط ہے ، ہیلی بریکن

اتوار 16 اگست 2015 11:37

آسٹریلین کرکٹ ٹیم میں اتحاد کا تصور غلط ہے ، ہیلی بریکن

سڈنی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار16اگست ۔2015ء ) سابق کینگرو پیسر نیتھن بریکن کی اہلیہ ہیلی بریکن نے آسٹریلین ٹیم کے ساتھ بیویوں اور گرل فرینڈز کی موجودگی کے حوالے سے تاریک پہلوؤں کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ آسٹریلین کرکٹ ٹیم میں اتحاد کا تصور ہی درست نہیں کیونکہ ٹیم میں جگہ بنانے کیلئے کھینچا تانی رقابت کو جنم دے رہی ہے ۔

انہوں نے کینگرو سکواڈ کو زہریلے سانپوں کا گھونسلہ قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ میدان میں بیٹھی آسٹریلین کھلاڑیوں کی بیویاں اور گرل فرینڈز ٹی وی پر میچ دیکھنے والوں کو یہ تاثر دے رہی ہوتی ہیں کہ ان میں بے پناہ ہم آہنگی، یگانگت اور محبت ہوگی لیکن سچائی اس کے بالکل برعکس ہے ۔ اپنی بات کی وضاحت کرتے ہوئے ہیلی نے کہا کہ بعض کھلاڑیوں کی بیویاں نئے کھلاڑیوں کی آمد کے بعد اپنے شوہروں کے مستقبل کے حوالے سے عدم تحفظ کا شکار ہیں جس کی وجہ سے وہ نئے کھلاڑیوں کی گرل فرینڈز کے ساتھ تعلقات میں سرد مہری کا مظاہرہ کرتی ہیں۔

(جاری ہے)

ہیلی بریکن نے اس عداوت کا الزام براہ راست کرکٹ آسٹریلیا کے سر منڈھ دیا جس کیساتھ انکے شوہر نیتھن بریکن کی طویل عرصے سے جاری قانونی جنگ حال ہی میں ختم ہوئی ہے ۔ ہیلی کے مطابق موجودہ ٹیم کے کھلاڑی حریفوں کے بجائے ایک دوسرے سے مقابلے میں مصروف ہیں جبکہ یہ تصور بھی سچائی سے بہت دور کی بات ہے کہ آسٹریلین ٹیم میں بڑا اتحاد اور بھائی چارہ ہے کیونکہ ہر کوئی اس حوالے سے فکرمند ہے کہ فلاں شخص اس کی جگہ حاصل کر لے گا اور اس دباؤ نے ان کی پارٹنرز میں بھی عداوت پیدا کر دی ہے ۔

متعلقہ عنوان :