بھارت پاکستان میں امن و امان اور ترقی کے عمل سے سخت بوکھلاہٹ کا شکار ہے‘چوہدری محمد برجیس طاہر

خطے کی بہتری اسی میں ہے بھارت منفی رویہ ترک کرکے جنوبی ایشیاء کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے سنجیدہ کوشش کرے یہ انتہائی افسوس کا مقام ہے یوم آزادی کے دن بھی بھارت اپنی مذموم کارراوئیوں سے باز نہیں آیا‘گورنر گلگت بلتستان

اتوار 16 اگست 2015 12:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16 اگست۔2015ء) گورنر گلگت بلتستان و وفاقی وزیر برائے اُمورکشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہرنے یوم آزادی کے دن راولاکوٹ سیکٹر میں بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے ایک خاتون کی شہادت پر اپنے دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس واقع کی سختی سے مذمت کی ہے ۔وفاقی وزیر نے کہاکہ یہ انتہائی افسوس کا مقام ہے کہ یوم آزادی کے دن بھی بھارت اپنی مذموم کارراوئیوں سے باز نہیں آیا ۔

انہوں نے کہاکہ اس سے پہلے عید الفطر کے موقع پر بھی بھارتی فوج نے لائن آف کنڑول کی خلاف ورزی کی اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت پاکستان کے کسی بھی خوشی کے موقع کو ہضم نہیں کرپاتا اور حسد اور بغض کی وجہ سے اپنی بوکھلاہٹ کا اظہار نہتے لوگوں پر فائرنگ کرکے کرتا ہے ۔

(جاری ہے)

چو ہدری محمد برجیس طاہر نے کہاکہ بھارت پاکستان میں امن و امان اور ترقی کے عمل سے سخت بوکھلاہٹ کا شکار ہے ۔

بلوچستان ، قبائلی علاقوں اور کراچی سمیت پاکستان کے دیگر شہروں میں امن و امان تباہ کرنے کی بھارتی کوششیں ناکامی سے دو چار ہورہی ہیں ۔ اس کے علاوہ بھارت پاک چین اقتصادی راہداری کی صورت میں شروع ہونے والے کئی میگا پروجیکٹس سے سخت خائف ہے اور اسے یقین ہوچلا ہے کہ اگر پاکستان میں امن و امان کی فضاء اسی طرح قائم رہی اور پاکستان طے شدہ منصوبے کے مطابق ان پروجیکٹس پر کاربند رہا تو وہ دن دور نہیں جب پاکستان کا شمار ترقی یافتہ ممالک کی صف میں ہوگا جوکہ بھارت کو ہر گز گوارہ نہیں ہے ۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ پاکستان میں امن و امان تباہ کرنے کی بھارتی کوششیں اور یوم آزادی کے دن لائن آف کنڑول پر فائرنگ کرکے معصوم شہریوں کو شہید کرنے سے بھارتی مذموم عزائم کھل کے واضح ہورہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ بجائے اس کے کہ بھارت مذاکرات کی میز پر آئے بھارت کی جانب سے اس قسم کی اشتعال انگیز کارروائیاں سخت افسوسناک ہیں اور بین الاقوامی برادری کو بھارت کی ان اشتعال انگیز کارروائیوں کا سختی سے نوٹس لینا چاہیے ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ بھارت کی بھول ہئے کہ اشتعال انگیزی سے وہ پاکستان کو کشمیر پر اس کے موقف سے دستبردار کر سکے گا۔انہوں نے کہا کہ یوم آزادی کے دن مقبوضہ کشمیر میں جس طرح پاکستان کا پرچم لہرایا گیا اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کشمیریوں کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ بھارت یہ جان لے کہ حریت رہنماوں کو گرفتار اور نظر بند کر کے وہ تحریک آزادی کو نہیں دبا سکتا۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کی امن کی کوششوں کوکمزوری ہر گز نہ سمجھا جائے اور پاکستان کو بھارت کی اشتعال انگیزی کا جواب دینا خوب آتا ہے ۔ خطے کی بہتری اسی میں ہے کہ بھارت اپنے منفی رویے کو ترک کرکے جنوبی ایشیاء کو امن کا گہوارہ بنانے کے لئے سنجیدہ کوشش کرے ۔ اسی میں دونوں ممالک کی عوام کی خوشحالی اور ترقی پنہاں ہے ۔ ہونیوالے مظالم کا نوٹس لیں اور انہیں ان کا جائز حق خود اردیت دیا جائے ۔

متعلقہ عنوان :