اسلام آباد ،الیکشن کمیشن نے سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کی وجوہات اور اقدامات بارے رپورٹس تیار کرلیں‘ رواں ہفتے سپریم کورٹ میں پیش کئے جانے کا امکان

اتوار 16 اگست 2015 15:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16 اگست۔2015ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کی وجوہات اور اب تک کئے گئے اقدامات بارے رپورٹس تیار کر لیں۔ رواں ہفتے سپریم کورٹ میں پیش کئے جانے کا امکان ہے ۔ رواں ہفتے الیکشن کمیشن آف پاکستان کا اہم اجلاس بلائے جانے کا بھی امکان ہے۔ ذرائع نے آن لائن کو بتایا ہے کہ الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ میں اپنا جواب داخل کرانے کیلئے بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کی وجوہات اکٹھی کرلی ہیں۔

پنجاب اور سندھ میں سیلاب کی تباہ کاریاں‘ محرم الحرام کی آمد‘ سیکوٹی صورتحال‘ بجٹ کی کمی‘ آر اوز اور ڈی آر اوز کی تقرریاں ‘ حکومتوں کی عدم دلچسپی سمیت دیگر جووہات شامل کی جارہی ہیں جبکہ انتخابات کے انعقاد بارے انتظامات بھی مکمل کرلئے گئے ہیں اس حوالے سے سپریم کورٹ کو بتایا جائے گا کہ الیکشن کمیشن مرحلہ وار انتخابات کرانے کیلئے تیار ہے اس حوالے سے صوبائی حکومتوں کو ہدایات جاری کی جائیں۔

(جاری ہے)

سپریم کورٹ جو بھی حکم دے گی اس کے مطابق ہی شیڈول طے کرکے حکومتوں کو ارسال کردیا جائے گا اس ساری صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے الیکشن کمیشن کارواں ہفتے کو خصوصی اجلاس بھی طلب کئے جانے کا امکان ہے تاکہ سپریم کورٹ کے احکامات کو حتمی شکل دینے بارے غور کیا جاسکے۔