دہشتگرد بزدلانہ کارروائیوں سے حوصلے پست نہیں کرسکتے،وزیراعظم

صدر، وزیراعظم،وزیراعلیٰ پنجاب کی شدیدمذمت،وفاقی وزیر داخلہ ، وزیر اطلاعات، گورنرووزیراعلیٰ خیبرپختونخوا ، گورنر پنجاب ، چیئرمین سینٹ ، سپیکر قومی اسمبلی کی سانحہ اٹک کی مذمت عمران خان ،سراج الحق ، آصف زرداری ، فضل الرحمان ، الطاف حسین ، چودھری شجاعت ، شیخ رشید ، محمود اچکزئی ، آفتاب شیر پاؤ ، اسفندر یار اور دیگر سیاسی جماعتوں کی بھی مذمت

اتوار 16 اگست 2015 17:08

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16 اگست۔2015ء) وزیر داخلہ پنجاب کرنل (ر) شجاع خانزادہ کے ڈیرے پر خودکش حملے میں کرنل (ر) شجاع خانزادہ سمیت 10 افراد کی شہادت اور 15 افراد زخمی ہونے پر صدر ، وزیر اعظم ، وزیر اعلی پنجاب ، وفاقی وزیر داخلہ ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات ، گورنر خیبرپختونخوا ، گورنر پنجاب ، وزیر اعلی خیبرپختونخوا ، چیئرمین سینٹ ، سپیکر قومی اسمبلی ،وزیر داخلہ بلوچستان سمیت ملک کی سیاسی قیادت نے سانحہ اٹک کی شدید الفاظ میں مذمت کی ۔

تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز اٹک کی تحصیل حضرو کے علاقے شادی خان گاؤں میں صوبائی وزیر داخلہ پنجاب کرنل (ر) شجاع خانزادہ کے ڈیرے پر خودکش دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں پنجاب کے صوبائی وزیر داخلہ کرنل (ر) شجاع خانزادہ ، ڈی ایس پی سید شوکت شاہ سمیت 10 افراد شہید جبکہ 15 شدید زخمی ہو گئے ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نواز شریف سمیت ملک کی اعلی سیاسی قیادت نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گرد بزدلانہ کارروائیوں سے قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے ۔ ملک سے دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا اور دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے واقعہ سے مکمل تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کر لی ۔اس موقع پر ملک کی تمام سیاسی قیادت جن میں عمران خان ،سراج الحق ، سابق صدر آصف علی زرداری ، مولانا فضل الرحمان ، الطاف حسین ، چودھری شجاعت حسین ، شیخ رشید احمد ، محمود خان اچکزئی ، آفتاب شیر پاؤ ، اسفندر یار ولی خان اور دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین نے دھماکے اورہلاکتوں کی مذمت کرتے ہوئے کرنل (ر ) شجاع خانزادہ کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور مذمتی بیانات میں کہا ہے کہ شجاع خانزادہ کی شہادت رائیگاں نہیں جائے گی ۔

ملک کے لئے ان کی خدمات قابل ستائش ہیں ۔جو کبھی فراموش نہیں کی جائیں گی اور کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ دہشت گردوں کے خلاف بلاتفریق کارروائی کرے اور ان کو منطقی انجام تک پہنچائیں تاکہ ملک میں امن قائم ہو ۔وزیر اعظم ، صدر اور تمام سیاسی رہنماؤں سانحہ اٹک میں جاں بحق افراد کی دعا کی اور لواحقین کو اس مشکل کی گھڑی میں صبر کی تلقین کی