آئی ایس آئی کے سابق سربراہ جنرل ریٹائرڈ حمید گل کی نماز جنازہ ادا،نماز جنازہ میں پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 16 اگست 2015 18:56

آئی ایس آئی کے سابق سربراہ جنرل ریٹائرڈ حمید گل کی نماز جنازہ ادا،نماز ..

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔16اگست۔2015ء) آئی ایس آئی کے سابق سربراہ جنرل ریٹائرڈ حمید گُل کی نماز جنازہ راولپنڈی ریس کورس گرائونڈ میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف سمیت متعدد عسکری اور سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔ واضع رہے کہ جنرل (ر) حمید گل اہلخانہ کے ہمراہ مری میں تھے کہ بلڈ پریشر کم ہونے کے باعث انہیں برہین ہیمرج ہو گیا۔

(جاری ہے)

انہیں تشویشناک حالت میں مری کے سی ایم ایچ داخل کرایا گیا لیکن جانبر نہ ہو سکے۔ جنرل (ر) حمید گل انیس سو چھپن میں پاک فوج کا حصہ بنے اور انیس سو بانوے میں آئی ایس آئی کے سربراہ کے طور پر ریٹائرڈ ہوئے۔ انہوں نے پینسٹھ اور اکہتر کی جنگ میں بھی حصہ لیا۔ طالبان کی پیش قدمی اور افغان جنگ میں ان کا کردار انتہائی اہم سمجھا جاتا رہا ہے۔ پاکستانی سیاست میں بھی وہ سرگرم رہے۔ آئی جی آئی کی تشکیل میں موثر کردار ادا کیا۔ ریٹائرمنٹ کے بعد بھی وہ سیاسی اور سماجی فورمز پر متحرک رہے اور اپنی آرا کا برملا اظہار کرنے میں مشہور تھے۔