زمین سے 465 میٹر بلند آسمان میں بادلوں میں رہنے والا شخص

muhammad ali محمد علی اتوار 16 اگست 2015 22:01

زمین سے 465 میٹر بلند  آسمان میں بادلوں میں رہنے والا شخص

دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 16 اگست 2015 ء) بھارت سے تعلق رکھنے والے 32 سالہ امت کمار شرما دنیا کے وہ واحد شخص ہیں جو زمین سے 465 میٹر بلند آسمان میں بادلوں میں رہتا ہے۔ امت شرما ایک کرین آپریٹر ہیں جو دنیا کی سب سے طویل 465 میٹر بلندکرین پر موجود ہوتے ہیں۔ یہ کرین زیر تعمیر دبئی ارینہ ہوٹل سے منسلک ہے۔ دبئی ارینہ کی تعمیر 2008 میں شروع ہوئی تھی جو رواں برس دسمبر کے ماہ تک مکمل ہوجائے گی۔

امت شرما گزشتہ 6 برس سے مسلسل اس ہوٹل کی تعمیر میں شامل ہیں اور کرین آپریٹر کے طور پر کام کررہے ہیں۔ 465 میٹر بلند کرین پر موجود امت شرما کا کیبن آسمان کی بلندیوں سے چھوتا ہوا محسوس ہوتا ہے اور ہر وقت بادلوں میں گھرا ہوا ہوتا ہے۔ اتنی بلندی پر کام کرنے اور زیادتہ تر وقت وہاں موجود رہنے کے حوالے سے امت شرما کا کہنا ہے کہ اس کام کی شروعات میں انہیں خوف محسوس ہوا تھا تاہم اب انہیں کسی قسم کا کوئی خوف محسوس نہیں ہوتا۔

(جاری ہے)

بلکہ انہیں اب وہاں رہنا اچھا لگنے لگا ہے۔ وہ صبح 5 بجے کے قریب کرین پر آتے ہیں اور شام 6 بجے وہاں سے جاتے ہیں۔ وہ اپنا ناشتہ اور کھانا اپنے ساتھ ہی لے کر جاتے ہیں اور ڈیوٹی کے دوران بریک میں بھی کرین پر رہنا ہی پسند کرتے ہیں۔امت شرما کے ساتھ ان کی ٹیم میں پاکستان سے تعلق رکھنے والے ساحل خان، مزمل شہزاد اور طارق جمیل بھی شامل ہیں جو ہوٹل کے تاج کی تعمیر میں شریک ہیں۔