چوروں نے گھر کے تالے تبدیل کر کے باہر موجود مالک سے بڑا مطالبہ کر دیا

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 16 اگست 2015 22:46

چوروں نے گھر کے تالے تبدیل کر کے باہر موجود مالک سے بڑا مطالبہ کر دیا

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔16اگست۔2015ء)عموماً چور گھروں میں گھستے ہیں، مطلوبہ سامان چراتے ہیں اور رفو چکر ہو جاتے ہیں مگر 3 چور گھر میں گھسے، گھر کے تمام تالے تبدیل کیے اور باہر موجود مالکن نے گھر کے کاغذوں پر دستخط کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ 33 سالہ نیو یارکر برانڈن سسٹوسو، اس کا بھائی 31 سالہ چارلس سسٹؤسو اور 32 سالہ جیسی کوسینو پر مقدمہ چلایا جا رہا ہے۔

کوئنز ڈسٹرکٹ اٹارنی رچرڈ براؤن نے تینوں کے جرم کو انوکھا جرم کہا ہے۔ تینوں آدمیوں پر الزام لگا ہے کہ انہوں نے گھر کے مالک کو گھر باہر لاک کر دیا اور گھر کے مالک سے اپنے ہی گھر میں گھسنے کے لیے سودے بازی کی۔ 29 اپریل کو انیتا چان جب کام سے سے واپس گھر آئی تو معلوم ہوا کہ اس کے گھر میں 3 آدمی موجود ہیں اور گھر کے تالے بھی تبدیل ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

60 سالہ انیتا کا جب چوروں سے سامنا ہوا تو چوروں نے کہا وہ اُس بنک کے لیے کام کرتے ہیں، جس کے پاس انیتا کا گھر گروی ہے۔ بنک کے کچھ کاغذات پر دستخط ہونا رہ گئے ہیں، اس لیے انیتا کو اس وقت تک گھر واپس نہیں ملے گا جب تک وہ کاغذات پر دستخط نہیں کرے گی۔انیتا نے اُن تینوں کو بتایا کہ اس کا شوہر، واہ چان گھر کا مالک ہے، وہ اس وقت چین میں ہے۔چوروں نے اسے کہا کہ وہ اپنے شوہر کو فون کرے، پھر ای میل پر گھر کی منتقلی اور دوسرے کاغذات بھیجے اور دستخط کرنے کا کہے۔

اگرچہ واہ چان نے کچھ کاغذات پر دستخط کیے تھے مگر اُس نے منتقلی کے کاغذات پر دستخط نہیں کیے تھے۔اگلے دن انیتا چان کو 10 منٹ کے لیے گھر میں گھسنے دیا گیا اور کہا گیا کہ وہ اپنی ضروری چیزیں لے جائے۔ انیتا کے مطابق چوروں نے اس کا پورا گھر چھان مارا تھا۔ دو ہفتے بعد 73 سالہ واہ چان چین سے واپس آیا اور تالا مرمت کرنے والے کو بلا کر سارے تالے توڑوائے ۔ انیتا اور واہ چان کے مطابق گھر سے تمام زیورات، چاقو، نقد رقم اور کاغذات غائب تھے۔ تینوں چوروں پر مالکان کو گھر سے بے دخل کرنے سمیت مختلف الزامات کے تحت مقدمہ چل رہا ہے ۔