انگلش پریمیئر لیگ ، مانچسٹر سٹی نے دفاعی چیمپیئن چیلسی کو روند ڈالا

پیر 17 اگست 2015 11:31

انگلش پریمیئر لیگ ، مانچسٹر سٹی نے دفاعی چیمپیئن چیلسی کو روند ڈالا

لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار17اگست۔2015ء) انگلش پریمیئر لیگ میں مانچسٹر سٹی کی ٹیم لیگ میں اپنے دوسرے میچ میں دفاعی چیمپیئن چیلسی کو شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر سب سے اوپر پہنچ گئی ہے ۔ مانچسٹر سٹی نے ہوم گراؤنڈ اتحاد سٹیڈیم میں چیلسی کے خلاف صفر کے مقابلے میں تین گول سے فتح حاصل کی ۔ اتوار کو میزبان ٹیم کی جانب سے پہلا گول کھیل کے 32ویں منٹ میں سرجیو اگویرو نے کیا اور یہ برتری پہلے ہاف کے خاتمے تک قائم رہی۔

دوسرے ہاف میں مانچسٹر سٹی کے کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل کا سلسلہ جاری رکھا اور لندن سے تعلق رکھنے والے دفاعی چیمپیئنز کو ہر شعبے میں آؤٹ کلاس کر دیا۔ مانچسٹر سٹی کی جانب سے بقیہ دو گول کپتان ونسٹنٹ کومپنی اور مڈ فیلڈر فرناندینیو نے کیے ۔ کومپنی نے 79ویں منٹ میں ڈیوڈ سلوا کے کارنر پر ہیڈ سے گیند گول میں پہنچائی تو چیلسی کے کیپر اسمیر بیگووچ کے پاس 87 ویں منٹ میں فرنیندینیو کی تیز شاٹ روکنے کا کوئی موقع نہیں تھا۔

(جاری ہے)

بیگووچ نے جنھیں اس میچ میں چیلسی کے ریگولر کیپر کی معطلی کی وجہ سے کھلایا گیا تھا، کئی یقینی گول بھی بچائے ۔ خیال رہے کہ مانچسٹر سٹی گذشتہ برس چیلسی کے ہاتھوں ہی انگلش پریمئیر لیگ کا ٹائٹل گنوا بیٹھی تھی ۔ میچ میں مورینیو نے بطورمنیجر پہلی بار کپتان جان ٹیری کو بھی تبدیل کیا ، ٹیری کیلیے دو سال میں یہ پہلا موقع تھا کہ انھیں میدان سے باہر بلایا گیا ۔ یہ 99-1998 کے سیزن کے بعد پہلا موقع ہے کہ چیلسی کی ٹیم پریمیئر لیگ میں اپنے ابتدائی دو میچ جیتنے میں ناکام رہی ہے۔ سیزن کے ابتدائی میچ میں سوانسی سے اس کا مقابلہ دو، دو گول سے برابر رہا تھا۔