لاہور : صوبائی وزیر داخلہ شجا ع خانزادہ پر خود کش حملہ، تانے بانے لاہور سے آن ملے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 17 اگست 2015 13:00

لاہور : صوبائی وزیر داخلہ شجا ع خانزادہ پر خود کش حملہ، تانے بانے لاہور ..

لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 17 اگست 2015 ء) : صوبائی وزیر داخلہ شجاع خانزادہ پر ہونے والے خودکش حملہ کے تانے بانے لاہور سے ملنے لگے، تفصیلات کے مطابق اسلام آباد پولیس نے لاہور پولیس کے ساتھ مل کر شادمان اور اس سے ملحقہ علاقوں میں خودکش حملہ آور کے ساتھیوں کی تلاش میں چھاپے مارے۔باوثوق ذرائع کے مطابق اتوار کے روز اٹک میں پنجاب کے صوبائی وزیر داخلہ کرنل(ر) شجاع خانزادہ کے ڈیرے پر خودکش دھماکے کے بعد اسلام آباد پولیس اور حساس اداروں نے فوری طور پر اٹک کے علاقہ میں کی جانے والی فون کالز کو ٹریس کیا جن میں سے ایک مشکوک کال لاہور کے علاقہ لارنس روڈ سے کی گئی تھی جس میں صوبائی وزیر شجاع خانزادہ کی نقل و حرکت کے حوالے سے معلومات فراہم کی جا رہی تھیں ۔

جس پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شادمان اور سول لائن کے علاقوں میں سرچ آپریشن کیا اور متعدد مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب حساس اداروں نے ملک بھر میں آرمی پبلک سکول پشاور طرز کے دہشت گردوں کے حملوں کا خدشہ ظاہر کردیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گرد ملک کے کسی بھی حصے میں آرمی پبلک سکول پشاور طرز حملے کی منصوبہ بند کر رہے ہیں۔

خفیہ ایجنسیوں کی جانب سے سکیورٹی کے اداروں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ دہشت گردوں کی جانب سے حملوں کی دھمکیاں ہیں۔ دہشت گرد آرمی پبلک سکول پشاور طرز کے حملے کی منصوبہ بند ی کر رہے ہیں چنانچہ تمام اداروں کی سکیورٹی کو ہائی الرٹ کیا جائے اور سکیورٹی کے خاص انتظامات کیے جائیں۔ محکمہ داخلہ پنجاب کاکہناہے کہ تمام وی وی آئی پی شخصیات اپنی سکیورٹی کے حوالے سے اقدامات کریں اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں۔

اہم شخصیات عوامی مقامات پر جانے سے قبل آگاہ کریں اور صرف انتہائی ضرورت کے مطابق نقل و حرکت کریں تاکہ دہشت گردوں کو کوئی آسان ہدف نہ مل سکے۔ یاد رہے کہ اٹک حادثے کے بعد سکیورٹی ادارے اور حساس ادارے ایک مرتبہ پھر سے الرٹ ہو گئے ہیں جس کے پیش نظر ملک بھر میں سکیورٹی کو ہائی الرٹ کرنے کے ساتھ ساتھ سرچ آپریشن کے نتیجے میں متعدد مشکوک افراد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے.جبکہ اٹک میں ہونے والے خود کش حملے کی تحقیقات کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے.

متعلقہ عنوان :