وزیراعظم نے سینیٹر مشاہد اللہ کا استعفیٰ منظور کرلیا، نوٹیفکیشن جاری

میں نے سنی ہوئی باتیں انٹرویو میں کہیں، اگر میرے بیان سے مسائل پیدا ہونے کا خدشہ ہے تو استعفیٰ دینے کیلئے تیار ہوں،مشاہد اللہ

پیر 17 اگست 2015 14:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17 اگست۔2015ء) وزیراعظم نواز شریف نے سینیٹر مشاہد اللہ سے ماحولیاتی تبدیلی کے وزیر کی حیثیت سے استعفیٰ منظور کرلیاجس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیاہے،وزیراعظم ہاؤس کے ترجمان نے استعفیٰ منظور کئے جانے کی تصدیق کردی۔ پیر کو وزیراعظم نواز شریف سے سینیٹر مشاہد اللہ نے ملاقات کی،وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں سینیٹر مشاہد اللہ نے بی بی سی کو دیئے گئے متنازعہ انٹرویو کے حوالے سے وزیراعظم کو وضاحت پیش کی،سینیٹر مشاہداللہ نے موقف اختیار کیا کہ میں نے سنی ہوئی باتیں انٹرویو میں کہیں، اگر میرے بیان سے ملک کیلئے مسائل پیدا ہونے کا خدشہ ہے تو استعفیٰ دینے کیلئے تیار ہوں۔

وزیراعظم نواز شریف نے سینیٹر مشاہداللہ کی وضاحت کے بعد ان کی طرف سے ماحولیاتی تبدیلی کے وزیر کی حیثیت سے پیش کیا جانے والا استعفیٰ منظور کرلیا۔

(جاری ہے)

ترجمان وزیراعظم ہاؤس نے استعفے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ استعفیٰ منظور کئے جانے کانوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ وزیراعظم سے ملاقات کے بعد سینیٹر مشاہد اللہ منسٹر کالونی میں اپنے گھر پہنچے اور قریبی عزیز و اقارب کو اپنے استعفے سے آگاہ کر دیا۔واضح رہے کہ سینیٹر مشاہد اللہ نے بی بی سی کو دیئے گئے انٹرویو میں سابق آئی ایس آئی چیف لیفٹیننٹ جنرل ظہیر الاسلام پردھرنوں کے ذریعے اقتدار پرقبضے کی سازش کا الزام لگایا تھا۔

متعلقہ عنوان :