پختونو ں کے قومی شناختی کارڈز بلاک کر نا قابل مزمت ہے ، محمود خان اچکزئی

پختون پاکستان کے شہری اور انہیں ملک کے تمام بنیادی حقوق پر اتنا ہی حق ہے جتناکہ باقی اقوام کے ہیں ، بیان

پیر 17 اگست 2015 15:29

اسلام باد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17 اگست۔2015ء) پختونخواہ ملی عوامی پارٹی کے چیئر مین ،ممبر قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی نے ملک میں پختونو ں کے قومی شناختی کارڈز بلاک کرنے کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور اسے غیر قانونی قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر پختون کو افغانی سمجھ کر مختلف حربوں سے تنگ کیا جارہاہے اور ہزاروں کی تعداد میں قومی شناختی کارڈز بلاک کئے گئے ہیں ۔

پختون پاکستان کے شہری ہیں اور انہیں ملک کے تمام بنیادی حقوق پر اتنا ہی حق ہے جتناکہ باقی اقوام کے ہیں۔پیر کے روز پختونخواہ ملی عوامی پارٹی کے چیئر مین محمود خان اچکزئی نے اپنے بیان میں کہاکہ ایسا پاکستان جس میں تمام اقوام برابر ہوں اور انصاف ہواس کا قیامت تک ساتھ دیں گے۔آج ملک خصوصی پنجاب میں پختونو کے ساتھ پولیس کا رویہ انتہائی غیر انسانی ہے۔

(جاری ہے)

اگر کوئی پختون کوئی بھی غلط کام کرتاہے اسے فورا گرفتار کیاجائے اور قانون کے مطابق کاروائی کی جائے مگر یہ بات انتہائی غلط ہے کہ ہر پختون جو پگڑی پہنتاہو داڑھی رکھتاہو اسے شق کی نظر سے دیکھا جاتاہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پانچ اقوام کا ملک ہے اور پاکستان کا آئین اور قانون کے مطابق ہر شہری کا یہ حق ہے کہ وہ جہاں چاہے اور جب چاہے اپنا روزگار کرسکتاہے۔

اگر کسی کا یہ خیال ہے کہ یہاں پختون لاوارث ہیں تو یہ ان کی کم عقلی ہے۔تمام پختونو کا وارث پختونخواہ ملی عوامی پارٹی ہے۔محمود خان اچکزئی نے مزید کہا کہ پختونوکی ہزاروں سال کی تاریخ ہے۔آج تک کسی مورخ نے پختونو کو دہشت گرد قرار نہیں دیا بلکہ مہمان نواز اور مہذب قوم قراردیا۔محموداچکزئی نے کہا کہ قومی شناختی کارڈ اور بے فارم وغیرہ بلاک ہونے کی وجہ سے بچوں کو سکولوں سے بے دخل کیا جارہاہے اور تعلیم کے حق سے محروم کیا جارہاہے جو کہ بنیادی انسانی حقوق کے خلاف ہے اور اخر میں انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ ایسے اقدامات فی الفور بند کردیئے جائیں۔