وزیراعظم کی اپنا گھر ہاؤسنگ سکیم ، زمین کے حصول کے مرحلے کو حتمی شکل دیدی گئی

پنجاب ایک ہزار ، خیبر پختونخوا 187کنال ، گلگت بلتستان 858 کنال زمین سکیم کیلئے فراہم کرے گا

پیر 17 اگست 2015 15:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17 اگست۔2015ء) طویل انتظار کے بعد وزیرا عظم کی متوسط طبقے کیلئے اپنا گھر ہاؤسنگ سکیم کیلئے زمین کے حصول کے مرحلے کو حتمی شکل دے دی گئی ، اپنا گھر ہاؤسنگ سکیم کیلئے پنجاب ، خیبر پختونخوا ، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں دو ہزار کنال زمین کے حصول کے مرحلے کو حتمی شکل دے دی گئی ، صوبوں میں متوسط طبقے کے خاندانوں کیلئے سستے رہائشی یونٹس تعمیر کئے جائینگے ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے پنجاب سے ہزار کنال ، گلگت بلتستان سے 858 کنال ، خیبر پختونخوا سے 187 کنال زمین اپنا گھر ہاؤسنگ سکیم کیلئے حاصل کی جبکہ بلوچستان نے بھی اس سکیم کیلئے زمین فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے سرکاری ریکارڈ کے مطابق حکومت 2013-14ء کے بجٹ میں اپنا گھر ہاؤسنگ سکیم کیلئے 3.5بلین جبکہ 2014-15ء کے بجٹ میں چھ بلین مختص کئے تاہم بدقسمتی سے کچھ بیورو کریٹس کی رکاوٹوں کے باعث اس سکیم پر کوئی پیسہ خرچ نہیں کیا گیا ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نواز شریف نے 23 نومبر 2014ء کو وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے تحت متوسط طبقے کیلئے سستے رہائشی یونٹس کی تعمیر کرنے کی منظوری دی تھی یاد رہے کہ حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) نے عام انتخابات 2013ء کے منشور میں یہ وعدہ کیا تھا کہ وہ اپنے پانچ سالہ دور میں متوسط طبقے کے خاندانوں کیلئے پانچ لاکھ رہائشی یونٹس بنائے گی ۔ وزیراعظم کی اپنا گھر ہاؤسنگ سکیم ملکی تاریخ میں چوتھی ہاؤسنگ سکیم ہوگی اس سے قبل 1987ء میں سابق وزیراعظم محمد خان جونیجو نے اپنی بستی کے نام سے ہاؤسنگ سکیم شروع کی تھی جس کے تحت ڈیڑھ لاکھ یونٹس تعمیر کئے جانے تھے تاہم بنیادی ضروریات مکمل نہ ہونے کے باعث یہ منصوبہ مکمل نہ ہوسکا دوسری سکیم سابق وزیراعظم محترمہ بے نظیر بھٹو کے دور میں 1996ء میں لانچ کی گئی تاہم یہ سکیم بھی بدقسمتی سے سابق صدر فاروق لغاری کی جانب سے اسمبلیاں توڑنے کے باعث یہ سکیم بھی پایہ تکمیل کو نہ پہنچ سکی تیسری سکیم 1997ء میں وزیراعظم نواز شریف نے میرا گھر کے نام سے شروع کی جس کے تحت بیس ہزار ایکڑ زمین حاصل کی گئی تھی چوتھی اسکیم جو کہ موجودہ دور کے وزیراعظم نواز شریف نے اپنا گھر ہاؤسنگ سکیم کے نام سے شروع کی تھی اس کیلئے بھی پنجاب خیبر پختونخوا بلوچستان اور گلگت بلتستان سے دو ہزار کینال زمین حاصل کرنے کے مرحلے کو مکمل کرلیا گیا اور وزیراعظم اس سکیم کو مکمل کرنے میں خود دلچسپی لے رہے ہیں ان تمام رپورٹس کے باوجود وزیرہاؤسنگ اینڈ ورکس اکرم خان درانی سے ان کاموقف جاننے کیلئے رابطہ نہ ہوسکا

متعلقہ عنوان :