میٹرو بس سیکیورٹی کمپنی کے ملازمین کی ہڑتال کا سخت نوٹس لے کر متعلقہ کمپنی کو ملازمین سے ظلم اور ناانصافی کا سلسلہ بند کر نے کی وارننگ دیدی ہے ‘کمپنی کو ملازمین کی بروقت تنخواہوں کی ادائیگی کی ہدایت کی ‘اس ضمن میں میٹرو اتھارٹی پنجاب کے اعلیٰ حکام کو بھی آگاہ کر دیا ہے ‘میری جب وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات ہو گی تو تمام معاملات ان کے نوٹس میں بھی لاؤں گا

میٹرو بس سروس کے چیئرمین حنیف عباسی کامیٹرو بس سیکیورٹی کمپنی 2000 کے ملازمین کی ہڑتال پر ردعمل کا اظہار

پیر 17 اگست 2015 16:57

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17 اگست۔2015ء) میٹرو بس سروس کے چیئرمین سابق رکن قومی اسمبلی محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ میٹرو بس سیکیورٹی کمپنی کے ملازمین کی ہڑتال کا سخت نوٹس لیا گیا ہے اور متعلقہ کمپنی کو وارننگ دیدی گئی ہے کہ وہ ملازمین سے ظلم اور ناانصافی کا سلسلہ بند کر کے بروقت تنخواہیں ادا کرے او راس ضمن میں میٹرو اتھارٹی پنجاب کے اعلیٰ حکام کو بھی آگاہ کر دیا ہے ۔

میری جب وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات ہو گی تو تمام معاملات ان کے نوٹس میں بھی لاؤں گا۔ پیر کو میٹرو بس سیکیورٹی کمپنی 2000 کے ملازمین کی طرف سے ہڑتال پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے حنیف عباسی نے کہاکہ اس کمپنی کو میٹرو بس اتھارٹی پنجاب نے سیکیورٹی کی ذمہ داری سونپی ہے تاہم اس کمپنی کے حکام ملازمین سے زیادتی کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

2,2 ماہ ان کو تنخواہ بھی ادا نہیں کرتے اور کوئی نہ کوئی الزام لگا کر تنخواہوں میں بھاری کٹوتی بھی کی جاتی ہے جس سے میٹرو پروجیکٹ کو نقصان ہو رہا ہے۔

ملازمین کے مسائل حل کئے جائیں گے ۔ کمپنی حکام کو وارننگ دیدی ہے کہ وہ ملازمین سے زیادتیاں بند کریں ورنہ ان کیخلاف سخت ا یکشن لیا جائیگا۔ اس ضمن میں میٹرو اتھارٹی پنجاب کے حکام کو آگاہ کر دیا ہے اور جلد میں وزیر اعلیٰ شہباز شریف سے ملاقات کر کے سیکیورٹی کمپنی کی جانب سے ملازمین سے کی جانے والی زیادتی وں دسے آگاہ کروں گا کیونکہ بار بار کی ہڑتال سے منصوبے پر منفی اثرات پڑ رہے ہیں بلکہ عوام کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ منصوبہ کامیابی سے جاری ہے روز لاکھوں لوگ اس میں سفر کرتے ہیں اور عوام اس سر وس سے خوش ہیں۔ ایک کمپنی کی غلطی کی سزا شہریوں کو نہیں ملنی چاہیے۔