اسلام آباد ہائیکورٹ،متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے دیئے گئے استعفوں سے متعلق درخواست دائر

استعفوں کو منظور کرنے یا نہ کرنے کے حوالے سے فیصلہ جلد کیا جائے، درخواست گزار

پیر 17 اگست 2015 17:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17 اگست۔2015ء) اسلام آباد ہائیکورٹ میں متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے دیئے گئے حالیہ استعفوں سے متعلق درخواست دائر کر دی گئی ہے‘ گزشتہ روز سیالکوٹ کے شہری محمد داؤد غزنوی نے اپنے وکیل کوکب اقبال کے ذریعے درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ 12 اگست متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے دیئے گئے استعفوں کو منظور کرنے یا نہ کرنے کے حوالے سے فیصلہ جلد سے جلد کیا جائے۔

(جاری ہے)

درخواست میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف نے بھی ایسے ہی طور طریقے اختیار کئے تھے اور اپنے استعفے اسپیکر قومی اسمبلی کو پیش کئے تھے لیکن اسپیکر قومی اسمبلی نے اس معاملے کو حل کرنے کے بجائے لٹکائے رکھا اور اس پر کوئی فیصلہ نہ دیا۔ اگر اس بار بھی استعفوں کے معاملے کو تاخیر کا شکار کیا گیا تو اس سے پاکستان کی دنیا بھر میں بدنامی اور جگ ہنسائی ہو گی۔ لہذا عدالت اسپیکر قومی اسمبلی‘ سندھ اسمبلی اور سینٹ کو حکم جاری کرے کہ وہ قانون کے مطابق بغیر کسی تاخیر کے استعفوں کو منظور کرنے یا نہ کرنے کے حوالے سے فیصلہ صادر کریں۔ واضح رہے کہ درخواست میں اسپیکر قومی اسمبلی‘ سپیکر سندھ اسمبلی‘ چیئرمین سینٹ اور وزارت قانون و انصاف کو فریق بنایا گیا۔