ضابطہ اخلاق میں لاہور ہائیکورٹ کے حکم کے مطابق ترمیم کی گئی ٗپی ٹی آئی کا شور سمجھ سے بالا تر ہے ٗ الیکشن کمیشن

پیر 17 اگست 2015 20:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17 اگست۔2015ء) الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ ضابطہ اخلاق میں لاہور ہائیکورٹ کے حکم کے مطابق ترمیم کی گئی، تحریک انصاف کی جانب سے ضابطہ اخلاق پر شور سمجھ سے بالاتر ہے۔ہری پور ضمنی انتخابات میں ترقیاتی پروگراموں کے اعلانات پر تحریک انصاف نے شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات میں حکومت نے وسائل کا بے دریغ استعمال کیا پابندی کے باوجود حکومت کی جانب سے کئی سکیمیں اناؤنس کی گئیں۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد اراکین اسمبلی،وزرا اور وزیر اعظم کے دوروں پر سے پابندی ہٹائی گئی ٗلاہور ہائیکورٹ میں تحریک انصاف کے رہنما منصور سرور خان کی جانب سے پٹیشن دائر کی گئی تھی جس میں الیکشن کمیشن کے انتخابی ضابطہ اخلاق پر اعترضات اٹھائے گئے تھے جس پر لاہور ہائکورٹ نے وزیر اعظم ،وزرا اور اراکین اسمبلی کو انتخاب والے حلقوں میں دوروں کی اجازت دے دی تھی۔تحریک انصاف ہی سب سے زیادہ اس معاملے پر شور مچا رہی ہے جو سمجھ سے باہر ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کر رکھی ہے جس کا فیصلہ آنے پر ہی مزید اقدامات کئے جا سکیں گے ۔