وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے قطر کے چیف آف آرمی سٹاف کی ملا قا ت

منگل 18 اگست 2015 12:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18 اگست۔2015ء) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے قطر کے چیف آف آرمی سٹاف میجر جنرل غنیم بن شاہین الغنیم کی ملاقات۔ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ صنعت اور دفاعی شعبوں میں تعاون پر اتفاق کیا۔ قطری فوج کے سربراہ نے دہشتگردی کے خلاف پاکستان کے کردار کو سراہا اور تعریف کی۔ تفصیلات کے مطابق منگل کے روز قطری فوج کے سربراہ میجر جنرل غنیم بن شاہین الغنیم نے اسلام آباد میں وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم میاں نواز شریف سے ملاقات کی۔

دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور سمیت دیگر معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کی قیادت نے مضبوط تعلقات کے لئے ٹھوس بنیادیں رکھی ہیں اور آنے والے وقت میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید بہتر ہوں گے اور قطر سے پاکستان کے دوستانہ اور قریبی تعلقات ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قطر پاکستان کے لئے اہم ملک ہے اور خطے بھر میں قطر کی اہمیت کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

پاکستان میں صنعت اور دفاعی شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ ملاقات کے دوران قطری فوج کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیھکتے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں۔ انہوں نے دہشتگردی کے خلاف پاکستان کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے آپریشن ضرب عضب کو سراہا اور قطر کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔