عالمی اتھیلٹکس چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کروں گا، لیاقت علی

منگل 18 اگست 2015 13:07

عالمی اتھیلٹکس چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کروں گا، لیاقت ..

اسلام آباد ۔ 18 اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18 اگست۔2015ء) دو میڑ دوڑ کے قومی چیمپئن لیاقت علی نے کہا ہے کہ عالمی اتھیلٹکس چیمپئن شپ کے 200 میٹر ریس کے مقابلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کروں گا اور اس ایونٹ میں شرکت سے تجرے میں مزید اضافہ ہوگا۔ اتھیلٹکس فیڈریشن اور پاکستان سپورٹس بورڈ کی جانب سے دی جانے والی سہولیات قابل تعریف ہیں۔

عالمی اتھیلٹکس چیمپئن شپ 22 سے 30 اگست تک چین کے دارالحکومت بیجنگ میں کھیلی جائے گی جس میں دنیا بھر کے اتھلیٹ شرکت کر رہے ہیں۔ اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18 اگست۔2015ء سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تین ماہ سے کوچ اولمپئن حاجی مقصود احمد کی زیر نگرانی تربیتی کیمپ میں تربیت حاصل کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ گذشتہ دس برس سے 200 میٹر ریس کے قومی چیمپئن چلے آ رہے ہیں اور جون میں تھائی لینڈ میں کھیلی گئی ایشین گرینڈ پریکس میں 100 میٹر کا فاصلہ 10.65 سیکنڈ میں طے کر کے چوتھی پوزیشن حاصل کی، لیاقت علی نے پہلی بار 2010 ء میں بنگلہ دیس میں کھیلی گئی سیف گیمز میں 200 میٹر اور 100 میٹر ریس کے مقابلوں میں شرکت کی اور 200 میٹر کا فاصلہ 21.28 سیکنڈ اور 100میٹر کا فاصلہ 10.65 سیکنڈ میں طے کر کے دونوں مقابلوں میں کانسی کے تمغے حاصل کئے، گذشتہ برس بھارت میں کھیلی گئی ایشین اتھیلٹکس چیمپئن شپ میں اس نے 200 میٹر کا فاصلہ 21.24 سیکنڈ میں طے کر کے پانچویں پوزیشن حاصل کی۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اتھیلٹکس فیڈریشن کے صدر میجر جنرل (ر) محمد اکرم ساہی کھلاڑیوں کی بھر پور مدد کرتے ہیں اور ہر انٹرنیشنل مقابلوں میں شرکت کیلئے کھلاڑیوں کو شرکت کیلئے بھیجتے ہیں، انہوں نے کہا کہ اتھیلٹکس فیڈریشن اور پاکستان سپورٹس بورڈ کی جانب سے دی جانے والی سہولیات قابل تعریف ہیں جن میں رہائش، کھانے اور جم شامل ہیں، اس موقع پر موجود کوچ اولیمپئن حاجی مقصود نے بتایا کہ لیاقت علی ایک محنتی کھلاڑی ہیں اور تربیتی کیمپ میں اس نے گذشتہ تین ماہ سے بھرپور تربیت حاصل ہے کہ اور امید ہے کہ عالمی چیمپئن شپ میں پہلے سے زیادہ ریکارڈ قائم کرے گا۔