آرمی چیف ‘ وزیر اعظم ملاقات ‘ شجاع خانزادہ پر حملے کی منصوبہ بندی کر نے والے ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا عزم

منگل 18 اگست 2015 14:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18 اگست۔2015ء) وزیر اعظم محمد نواز شریف اورآرمی چیف نے صوبائی وزیر داخلہ کرنل ریٹائرڈ شجاع خانزادہ پر خود کش حملے کی منصوبہ بندی کر نے والے ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے عزم کااظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ دہشتگردوں کے خلاف جنگ جاری رہے گی ‘ پاکستان کو امن کا گہوارہ بنا کر ہی دم لینگے ‘ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

منگل کو وزیراعظم محمد نوازشریف سے بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے اسلام آباد میں ملاقات کی اورا ن سے ملک کی سلامتی کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا۔اس موقع پر وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ، وزیر خزانہ اسحا ق ڈار ،مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ملک میں مجموعی امن وامان کی صورتحال ‘ کراچی میں رینجرز کا آپریشن ‘ صوبائی وزیر داخلہ پر خود کش حملہ کے بعد کی صورتحال سمیت مختلف امورپر تبادلہ خیال کیا گیا ذرائع کے مطابق ملاقات کے دور ان دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ صوبائی وزیر داخلہ پر خود کش حملہ کی منصوبہ بندی کر نے والے ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائیگا انہوں نے واضح کیا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جاری رہے گی اس موقع پر وزیر اعظم نواز شریف نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی فوج کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے واضح کیا کہ حکومت ‘ عوام اور مسلح افواج ملکر دہشتگردی کی لعنت سے نجات حاصل کرلینگے وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان کو امن کا گہوارہ بنا کر ہی دم لینگے ۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر نے پر بھی اتفاق کیا -

متعلقہ عنوان :