ملکی سیاسی و عسکری قیادت کا آپریشن ضرب عضب جاری رکھنے اور نیشنل ایکشن پلان میں تیزی لانے کا فیصلہ

بھارت کی سرحدی خلاف ورزیوں پر اظہار تشویش، موثر جواب دینے کا فیصلہ‘ سانحہ اٹک کے مجرموں کو جلد کیفر کردار تک پہنچانے کا عزم

منگل 18 اگست 2015 14:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18 اگست۔2015ء) ملکی سیاسی و عسکری قیادت نے آپریشن ضرب عضب جاری رکھنے اور نیشنل ایکشن پلان میں تیزی لانے کا فیصلہ کیا ہے‘ بھارت کی سرحدی خلاف ورزیوں پر بھی اظہار تشویش کرتے ہوئے موثر جواب دینے کا فیصلہ‘ سانحہ اٹک کے مجرموں کو جلد کیفر کردار تک پہنچانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ منگل کو وزیراعظم نوازشریف سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ملاقات کی جس میں وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان‘ وزیر خزانہ اسحاق ڈار‘ مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔

ملاقات میں پنجاب کے وزیر داخلہ کرنل ریٹائرڈ شجاع خانزادہ کی شہادت کے بعد پیدا ہونی والی صورتحال اور دہشت گردوں کیخلاف کی جانے والی کارروائیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

(جاری ہے)

ملاقات میں پاکستان کی سیکیورٹی اور آپریشن ضرب عضب ‘ کراچی آپریشن ‘ لائن آف کنٹرول پر بھارت کی جانب سے سرحدی خلاف ورزیاں‘ قومی سلامتی کے امور‘ افغانستان اور بھارت کے ساتھ سکیورٹی پر مشاورت کی گئی ۔

ملاقات میں نیشنل ایکشن پلان میں تیزی لانے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ سانحہ اٹک کے مجرموں کو جلد قانون کے کٹہرے میں لانے کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا۔ ملاقات میں بھارت کی طرف سے سرحدی خلاف ورزیوں پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا گیا اور ان سرحدی خلاف ورزیوں کا بھرپور جواب دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :