متحدہ کے اراکین پارلیمان کے استعفوں پر قانون کے مطابق کارروائی کرنے کے لئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست

منگل 18 اگست 2015 15:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18 اگست۔2015ء) متحدہ قومی موومنٹ کے اراکین پارلیمان کے استعفوں پر قانون کے مطابق کارروائی کرنے کے لئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے جس میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت عالیہ سپیکر قومی و سندھ اسمبلی اور چیئرمین سینٹ کو ایم کیو ایم کے اراکین پارلیمان کے استعفوں پر بلا تاخیر قانون کے مطابق کارروائی کرنے کا حکم جاری کرے۔

بیرسٹر داؤد غزنوی نے اپنے وکیل کوکب اقبال ایڈوکیٹ کے زریعے وفاق بزریعہ سیکرٹری قانون و انصاف کو فریق بناتے ہوئے موقف اپنایا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ کے اراکین قومی اسمبلی نے 12 اگست کو سپیکر کو استعفے دئیے جس کی وجہ سے متعلقہ حلقوں کے عوام پارلیمنٹ میں حق نمائندگی سے محروم ہو گئے ہیں۔

(جاری ہے)

آئین کے مطابق جب کوئی رکن استعفیٰ دے تو سپیکر قومی اسمبلی اس کی انکوائری کرانے کا پابند ہے اور اس میں تاخیر سے متعلقہ حلقوں کی پارلیمنٹ میں نمائندگی کا حق متاثر ہو رہا ہے۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ حکومت پاکستان کو سیاسی جماعتوں کی طرف سے بلیک میل کرنے کا وطیرہ بنا لیا گیا ہے اور مطالبات منوانے کے لئے لوگوں کی پارلیمنٹ میں نمائندگی کے حق کو متاثر کیا جاتا ہے لہٰذا سپیکر قومی اسمبلی ، سپیکر سندھ اسمبلی اور چیئرمین سینٹ کو ہدایت کی جائے کہ ایم کیو ایم کے اراکین پارلیمان کے استعفوں پر بلا تاخیر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔اسلام آباد ہائی کورٹ مذکورہ پٹیشن کی سماعت کل (بدھ )کو کرے گا۔

متعلقہ عنوان :