وزیر اعظم سے آرمی چیف کی ملاقات،ملک کی سلامتی کی صورت حال پر تبادلہ خیال

آپریشن ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان کے تحت کارروائیوں پر وزیر اعظم کو بریفنگ دہشت گردوں کو دوبارہ کسی صورت منظم نہیں ہونے دیا جائیگا،دونوں رہنماؤں میں اتفاق ملاقات میں پاک بھارت سلامتی مشیروں کی ملاقات اور ایجنڈے پر بھی تبادلہ خیال،سرتاج عزیز کی بریفنگ

منگل 18 اگست 2015 17:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18 اگست۔2015ء) وزیر اعظم نواز شریف سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ملاقات کی ہے جس میں ملک کی سلامتی ،داخلی و خارجی صور تحال سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، ذرائع نے بتایا کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے یہاں وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کی ہے، اس موقع پر وزیر داخلہ چوہدری نثا ر علی خان ،وزیر خزانہ اسحاق ڈار،مشیر خارجہ سرتاج عزیز اوروزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے،آرمی چیف نے آپریشن ضرب عضب سے ہونے والی پیش رفت اور نیشنل ایکشن پلان کے تحت ہونے والی کارروائیوں بارے آگاہ کیا جس پر وزیر اعظم نے دہشت گردوں کے خلاف پاک فوج کارروائیوں پراطمینان کا اظہار کیا اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رکھنے کا اپنے عزم کا اظہار کیا ہے ، دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ملک میں دہشت گردوں کو دوبارہ کسی صورت منظم نہیں ہونے دیا جائیگا۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ دونوں رہنماؤں نے سانحہ اٹک پر انتہائی تشویش کا اظہار کیا ہے اورملزمان کو ہر صورت گرفتار کرکے کٹہرے میں لانے پر اتفاق کیا ہے،ملاقات میں ملک کی سرحدی معاملات باالخصوص بھارت کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے،ملاقات میں پاک بھارت مشیروں کی ملاقات کے حوالے سے ایجنڈے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ،مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے ایجنڈے کے حوالے سے دونوں رہنماؤں کو تفصیلی بریفنگ دی اور اس حوالے سے آرمی چیف کو اعتماد میں لیا گیا،ذرائع نے بتایا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان افغانستان اور بھارت کے ساتھ سکیورٹی صورت حال کا معاملہ بھی زیر بحث آیا ہے۔