پلاٹ فروخت کرنے سے پہلے ایل ڈی اے سے کلیئرنس حاصل کرنا لازمی ہے ‘ این او سی ایک سال تک قابل استعمال ہے‘فہد انیس

ون ونڈو سیل پلاٹ مالکان کی ذاتی طور پر لازمی آمد اوربائیو میٹرک نظام کے استعمال سے غیر متعلقہ افراد کی مداخلت ختم ہوئی ہے‘ڈائریکٹر ون ونڈ آپریشن

منگل 18 اگست 2015 18:58

پلاٹ فروخت کرنے سے پہلے ایل ڈی اے سے کلیئرنس حاصل کرنا لازمی ہے ‘ این ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18 اگست۔2015ء ) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی سکیموں میں واقع پلاٹ فروخت کرنے سے پہلے مالکان کے لئے ایل ڈی اے سے کلیئرنس اور این او سی حاصل کرنا لازمی ہے جو صرف ایک سال تک قابل استعمال ہے، پلاٹوں کی ٹرانسفر کا نظام کمپیوٹرائزڈ کرنے اور ٹرانسفر لیٹر اور دیگر دستاویزات سیکورٹی پیپر پر جاری کرنے کے نتیجے میں فراڈ کا خاتمہ‘ شہریوں کی جائیدادوں کا تحفظ اور ایل ڈی اے پر ان کا اعتماد بحال ہوا ،تمام اہم امور کی انجام دہی کے لئے پلاٹ مالکان کی ذاتی طور پر لازمی آمد ‘بائیو میٹرک نظام کے استعمال اور نادرا کے ڈیٹا بیس سے خریدو فروخت کنندگان کے شناختی کارڈ کی پڑتال کی سہولت حاصل ہونے سے پراپرٹی کی خریدو فروخت اور نقشہ جات وغیرہ کی منظوری وغیرہ کے معاملے میں غیر متعلقہ افراد کی مداخلت ختم ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

یہ باتیں لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر ون ونڈو آپریشن فہد انیس نے گزشتہ روز ایل ڈی اے کے ون ونڈو سیل کے مطالعاتی دورے پر آنے والے فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے افسران کے وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے بتائیں -انہوں نے بتایا کہ ایل ڈی اے کا کمپیوٹرائزڈ ون ونڈو سیل شہریوں کی درخواستوں پربلاتاخیر عمل درآمد میں معاون ثابت ہو رہا ہے جہاں روزانہ ڈیڑھ ہزار سے زائد افراد اپنے روزمرہ کاموں کے سلسلے میں درخواستیں جمع کرواتے ہیں - یہاں پلاٹوں اور مکانوں کی دستاویزات سے متعلق تمام سہولیات ایک ہی چھت تلے فراہم کی گئی ہیں اور4500مربع فٹ پر محیط اس ائیر کنڈیشنڈ ہال میں آنے والے شہریوں کے لئے ایک سو سے زائد آرام دہ نشستوں کا بندو بست کیا گیا ہے ۔

درخواست گزاروں کو ضروری معلومات دینے اور ان کی درخواستیں وصول کرکے جانچ پڑتا ل کرنے اور کام ہو جانے پر احکامات ان کے حوالے کرنے کے لئے علیحدہ علیحدہ کاؤنٹر بنائے گئے ہیں-ون ونڈو سیل پر وصول ہونے والی تمام درخواستوں پر کارروائی کا کمپیوٹرائزڈ ٹریک رکھا جاتا ہے اور تمام درخواستوں کو طے شدہ ڈیڈ لائن کے اندر نپٹایا جاتا ہے -زیر التوا درخواستوں کی تعداد میں اضافہ ہونے پر متعلقہ عملے کے دفتری اوقات کار میں رات 8بجے تک توسیع کردی جاتی ہے -تمام ڈائریکٹروں کو شہریوں سے قریبی رابطے اور ان کی شکایات کے فوری ازالے کے لئے روزانہ ایک گھنٹہ دن 11سے 12بجے تک ذاتی طور پر ون ونڈو سیل پر موجود رہنے کا پابند بنایا گیا ہے ۔