پی سی بی گورننگ باڈی کا 7گھنٹے طویل اجلاس ، سپر لیگ کا مقام کا فیصلہ نہ ہوسکا

منگل 18 اگست 2015 19:51

پی سی بی گورننگ باڈی کا 7گھنٹے طویل اجلاس ، سپر لیگ کا مقام کا فیصلہ ..

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار 18اگست ۔2015ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی )کی گورننگ باڈی کے سات گھنٹے طویل تک جاری رہنے والے طویل اجلاس میں سپرلیگ کا مقام کا حتمی فیصلہ بدستور نہ ہوسکا، چیئرمین پی سی بی شہریارخان کے مطابق قطر اور متحدہ عرب امارات میں سے کسی ایک مقام کا انتخاب آئندہ ہفتے کرلیا جائیگا۔تفصیلات کے مطابق نیشنل کرکٹ اکیڈی میں چیئرمین پی سی بی شہریارخان کی صدارت میں سات گھنٹے تک جاری رہنے والے اجلاس میں نجم سیٹھی، سبحان احمد، شکیل احمد شیخ ، اعجاز فاروقی، گل زادہ، میجر نعیم گیلانی ، منصور خان، امجد لطیف، ظفر محمود اور سیکرٹری آئی پی سی اعجازچوہدری شریک ہوئے۔

اجلاس میں سولہ ڈومیسٹک ٹیموں کے ساتھ فرسٹ کلاس سسٹم کو برقرارر کھنے کافیصلہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی شہریارخان نے بتایا کہ پاکستان سپرلیگ کے مقام کا حتمی فیصلہ تاحال نہیں ہوسکے، کرکٹ بورڈ اپنے نمائندے یواے ای اور قطر بھیجے گا ان کی رپورٹ ملنے کے بعد آئندہ ہفتے سپرلیگ کے مقام کا حتمی فیصلہ کیا جائیگا۔

شہریارخان کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے سیریز کے انعقاد کیلئے کوئی جواب موصول نہیں ہوا، وزیرخارجہ سرتاج عزیز کے دورہ بھارت سے برف پگلنے کی توقع ہے۔ چیئرمین پی سی بی کے مطابق ایسوسی ایٹ غیرملکی ٹیموں کی میزبانی کیلئے تیار ہیں اور اس بار سیریز کے کچھ میچز کراچی میں بھی منعقد کیے جائیں گے۔ چیئرمین نے بتایا کہ بنگلہ دیش سکیورٹی ٹیم کا دورہ تاخیر کا شکار ضرور ہوا ہے تاہم سکیورٹی ٹیم لازمی پاکستان کا دورہ کریگی۔