پنجاب حکومت 21ویں ترمیم کا ناجائز فائدہ اٹھا کر مخصوص مکتبہ فکر کے مدارس اور مساجد کو نشانہ بنا رہی ہے، علماء کرام کو گرفتار اور نظر بند کر نے جیسے اقدامات بڑے ردعمل کا پیش خیمہ ہو سکتے ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب سول انتظامیہ کے سامنے بے بس ہیں ،جے یو آئی جلد وزیراعظم سے ملاقات کرکے اپنے خد شات کا اظہار کرے گی

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری کی پارلیمنٹ ہاوس میں پارٹی وفود سے گفتگو

منگل 18 اگست 2015 21:38

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18 اگست۔2015ء ) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت ویں ترمیم کا ناجائز فائدہ اٹھا کر مخصوص مکتبہ فکر کے مدارس اور مساجد کو نشانہ بنا رہی ہے، علماء کرام کو گرفتار اور نظر بند کر نے جیسے اقدامات بڑے ردعمل کا پیش خیمہ ہو سکتے ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب سول انتظامیہ کے سامنے بے بس ہیں ،جے یو آئی جلد وزیراعظم نواز شریف سے ملکر اس حوالے سے اپنے خد شات کا اظہار کرے گی ۔

وہ پیر کو جمعیت علماء اسلام اور جمعیت اہلسنت و دیگر علماء کے وفد سے یہاں پارلیمنٹ ہاؤس ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے ۔اس موقع پر دونوں وفود نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو درپیش مسائل بارے تفصیلی آگاہ کیا ۔وفد میں مولانا قاضی عبدالرشید، مولانا پیر عزیزالرحمن بروہی ، اور مولانا شیخ عبدالرؤف کے علاوہ دیگر علماء کرام بھی شامل تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گفتگو کر تے ہوئے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ پنجاب انتظامیہ میں شامل کچھ تعصب پسند لوگ اپنی بدنیتی کی بنیاد پر مدارس میں چھاپے مار کر کتب خانوں میں گھس کر قرآن مجید احادیث و دیگر دینی کتب اٹھا اٹھا کر پھینکتے ہیں اور علماء کرام کی تضحیک کرتے ہیں اس قسم کے اقدامات سرا سر بدنیتی پر مبنی ہیں اور ایسی حرکات ناقابل برداشت ہیں ۔

مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ علماء کرام کو گرفتار اور نظر بند کیا جارہا ہے ایسے اقدامات ایک بڑے ردعمل کا پیش خیمہ ہو سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام سے وابستہ سینکٹروں کارکنوں کو پنجاب میں پابند سلاسل کیا گیا ہے جمعیت علماء اسلام موجودہ حکومت کا حصہ ہے اور اس کو بہت سے بحرانوں سے بچایا بھی ہے لیکن اس کے باوجود ہمارے کارکنوں کے خلاف تعصبانہ رویہ اختیار کر کے پکڑ ڈھکڑ انتہائی افسوسناک بات ہے انہوں نے کہا کہ لگتا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سول انتظامیہ کے سامنے بے بس ہیں انقریب جمعیت علماء اسلام کا ایک وفد وزیراعظم پاکستان سے پنجاب کی سول انتظامیہ کے ناروا رویہ کے خلاف آگاہ کرے گا