وفاقی وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت اجلاس، فنانس ڈویژن کے اقتصادی ایڈوائزر ونگ کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا

منگل 18 اگست 2015 22:02

اسلام آباد ۔ 18 اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18 اگست۔2015ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اقتصادی مشیر اور ان کی ٹیم کے کردار کو سراہتے ہوئے ان پر زور دیا ہے کہ وہ ملکی اور بین الاقوامی مارکیٹوں میں اقتصادی رجحانات کی نگرانی میں فعال کردار ادا کرے۔ معیاری رپورٹ کی تیاری اور مفید معلومات کی فراہمی عموماً اقتصادی پالیسیاں مرتب کرنے میں مددگار ہوتی ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار وزیر خزانہ نے منگل کو فنانس ڈویژن کے اقتصادی ایڈوائزر ونگ کی کارکردگی کا جائزہ لینے کی غرض سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اقتصادی مشیر سید اعجاز علی واسطی نے وفاقی وزیر خزانہ کو ونگ کی ذمہ داریوں، کارکردگی اور سالانہ اقتصادی سروے کی اشاعت سمیت تمام اہم امور پر بریفنگ دی۔ انہوں نے وفاقی وزیر کو اقتصادی ایڈوائزر ونگ کی جانب سے اس دستاویز کو جامع بنانے کے حوالے سے تمام اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی ایڈوائزر ونگ اہم اقتصادی معاملات پر گہری نظر رکھتا ہے اور اس سلسلے میں مختلف رپورٹس و مواد تیار کرتا ہے جسے مختلف سٹیک ہولڈرز بروئے کار لاتے ہیں۔ اجلاس میں وزارت خزانہ کے سینئر حکام نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :