متروکہ وقف املاک کی حفاظت کریں گے، انہیں قبضہ مافیا سے بچائینگے‘ کراچی سمیت سندھ بھر کے بورڈ کے معاملات پر بھرپور توجہ دی جائیگی

چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ صدیق الفاروق کی میڈیا سے بات چیت

منگل 18 اگست 2015 23:00

ؒٓلاہور /کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18 اگست۔2015ء) چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ صدیق الفاروق نے کہا ہے کہ متروکہ وقف املاک کی حفاظت کریں گے اور انہیں قبضہ مافیا سے بچائیں گے، اس سلسلے میں جو بھی قانونی چارہ جوئی کی جائے گی وہ کریں گے، ادارے میں گھوسٹ ملازمین اور جو غیر قانونی بھرتیاں کی گئی ہیں جن کی تعداد 1800 سے زائد ہیں، کے خلاف نیب بھی کارروائی کر رہی ہے۔

وہ منگل کو متروکہ وقف املاک بورڈ کے دفتر میں دو روزہ کھلی کچہری کے دوسرے روز میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر ارشد سلیم، ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر میر واعظ اور ایڈمنسٹریٹر لاہور عظمیٰ شہزاد بھی موجود تھیں۔ صدیق الفاروق نے کہا کہ متروکہ وقف املاک بورڈ میں قانون کے مطابق عدالتی اصلاحات اور مقدمات کی فیصلوں میں غیر ضروری تاخیر ختم کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اب کراچی سمیت سندھ بھر کے بورڈ کے معاملات پر بھرپور توجہ دی جائے گی جبکہ چیئرمین بورڈ کی عدالت باقاعدگی سے لگے گی۔ صدیق الفاروق نے کہا کہ وقف کی زمینوں پر تعمیراتی سرگرمیوں کو تیز کر دیا گیا ہے، اس سلسلے میں وقف کے کرایہ داروں اور بلڈرز کو تعمیری سرگرمیوں کی دعوت دی ہے جس کا حوصلہ افزاء جواب آیا ہے۔ چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ نے کہا کہ آئندہ چھ ماہ میں کراچی سمیت صوبے بھر میں موجود متروکہ وقف املاک کی بہتری کے کام کی بدولت انقلاب آجائے گا۔

متعلقہ عنوان :