وفاقی وزارتوں کی کارکردگی وژن2025 پر عملدر آمد کی صورت میں جانچی جائیگی، سہ ماہی رپورٹ وزیر اعظم کو پیش کی جائیگی،وژن کے تمام اہداف پائیدار ترقی کے عالمی اہداف سے مطابقت رکھتے ہیں ،ا ن کے ذریعے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے

وفاقی وزیرمنصوبہ بندی وترقی احسن اقبال کا وژن2025 پر عملدر آمد کے سلسلے میں منعقدہ ورکشاپ سے خطاب

منگل 18 اگست 2015 23:03

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18 اگست۔2015ء) وفاقی وزیرمنصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ وفاقی وزارتوں کی کارکردگی وژن2025 پر عمل در آمد کی صورت میں جانچی جائے گی جس کی سہ ماہی رپورٹ وزیر اعظم کو پیش کی جائے گی،وژن کے تمام اہداف پائیدار ترقی کے عالمی اہداف سے مطابقت رکھتے ہیں جن کے ذریعے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے منگل کووہ یہاں وژن2025 پر عملدر آمد کے سلسلے میں منعقدہ ورکشاپ سے خطاب کررہے تھے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں دنیا میں آگے بڑھنے کے لئے اپنی رفتار کو دوسری اقوام کے مقابلے میں بڑھانا ہو گی کیونکہ ہم غفلت کی وجہ سے پہلے ہی بہت پیچھے رہ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وژن2025 گزشتہ برس اگست کے مہینے میں شروع کیا گیا تھا لیکن دھرنے کے سبب ترقی کی بجائے توجہ منفی پہلو پر مرتکز ہو گئی۔

(جاری ہے)

احسن اقبال نے کہا کہ انسانی وسائل کی ترقی کے بغیر حقیقی ترقی کا خواب پورا نہیں ہو سکتا۔

اس کے لئے ایک جامع سوچ کی ضرورت ہے جو صحت، تعلیم، غذائیت ، آبادی وغیر ہ کے تمام پہلوؤں کا احاطہ کرے۔انہوں نے قومی نصاب میں اصلاحات کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہاکہ کہ تخلیقی صلاحیت اور سوچ کے لئے یہ بہت ضروری ہے۔انہوں نے قومی نصاب کونسل کے منصوبے پر عمل در آمد کی ضرورت پر بھی زور دیا اور نظام امتحان میں اصلاحات کو بھی وقت کی اشد ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا اس کے ذریعے نئے زمانے کے چیلنجوں سے مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :