دھونی 10ہزار فٹ سے پہلی چھلانگ لگانے میں کامیاب

بدھ 19 اگست 2015 11:31

دھونی 10ہزار فٹ سے پہلی چھلانگ لگانے میں کامیاب

آگرہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19ا گست2015ء) ہندوستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مہندرا سنگھ دھونی پیرا ٹروپر بننے کی تربیت حاصل کرنے کے دوران پہلی آزمائشی جمپ لگانے میں گامیاب ہو گئے ہیں۔ خیال رہے کہ دھونی ہندوستان کی فوج میں اعزازی لیفٹننٹ کرنل ہیں۔ مہندرا سنگھ دھونی گزشتہ دو ہفتوں سے پیرا ٹروپر ٹریننگ اسکول (پی ٹی ایس) میں زیر تربیت ہیں، ان کی تربیت کا اغاز 6 اگست سے ہوا تھا۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق دھونی نے آگرہ کے مال پورہ ڈروپنگ زون میں اے این 32 ائر کرافٹ سے چھلانگ لگائی ہے۔ ان کو تربیت کے دوران مزید 4 بار 10ہزار فٹ کی بلندی سے جمپ لگانی ہو گی۔ ہندوستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی کو 2001 میں فوج میں 106 پیرا شوٹ ریجمنٹ میں اعزازی لیفٹننٹ کرنل کی عہدہ دیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

گزشتہ دو ہفتوں سے دھونی کو کلاس روم میں پیرا شوٹ کے ذریعے 10 ہزار فٹ کی بلندی سے چھلانگ لگانے کی تربیت دی جا رہی تھی۔

خیال رہے کہ دھونی دنیا کے پہلے کرکٹر ہوں گے جن کو فوج میں پیرا ٹروپر بننے کی تربیت دی جا رہی ہے۔ ہندوستان کی فوج میں دھونی سے قبل کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کپیل دیو اور ابھینو بیندرا کو بھی کمیشن دی گئی تھی لیکن میندرا سنگھ دھونی پہلے کھلاڑی ہیں جو تربیت حاصل کرکے باقاعدہ فوجی تمغہ اپنے سینے پر سجائیں گے۔