ملکہ ترنم نورجہاں کے شوہر شوکت حسین رضوی کی گزشتہ روز 16ویں برسی منائی گئی

بدھ 19 اگست 2015 13:32

ملکہ ترنم نورجہاں کے شوہر شوکت حسین رضوی کی گزشتہ روز 16ویں برسی منائی ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19 اگست۔2015ء) ملکہ ترنم نورجہاں کے شوہر اور شاہ نور سٹوڈیو کے مالک شوکت حسین رضوی کی گزشتہ روز سولہویں برسی منائی گئی ۔ شوکت حسین رضوی کا شمار پاکستان فلم انڈسٹری کے بانیوں میں ہوتا ہے۔شوکت حسین رضوی انیس سو چودہ بھارتی ریاست اترپردیش میں پیدا ہوئے۔ممبئی سے اپنے فلمی سفر کا آغاز کیا۔ انیس سو بیالیس میں فلم خاندان بنائی جس میں ملکہ ترنم نورجہاں کو بطور ہیروئن متعارف کرایا پھر فلم جگنو بنائی جو سپرہٹ ثابت ہوئی۔

قیام پاکستان سے قبل لاہور منتقل ہو کر گل بگولی اور خزانچی جیسی نامور فلمیں بنائیں۔قیام پاکستان کے بعد نورجہاں کے ساتھ رشتہ ازدواج سے منسلک ہو گئے۔ شوکت حسین رضوی نے قیام پاکستان کے بعد لاہور کاپنچولی سٹوڈیو اپنے نام الاٹ کروا کر اس کا نام تبدیل کرکے شاہ نور سٹوڈیو رکھا۔

(جاری ہے)

پاکستان کی پہلی فلم چن وے اسی سٹوڈیو میں تیار ہوئی جس کی پہلی خاتون ہدایتکارہ میڈم نورجہاں تھیں۔

شوکت حسین رضوی نہ صرف ایک عظیم ہدایتکار بلکہ ایک ماہر ایڈیٹر بھی تھے۔انہوں نے فلمی شائقین کو جان بہاراں اور عاشقی سمیت دیگر سپرہٹ فلمیں دیں۔ شاہ نور سٹوڈیو کے مالک شوکت حسین رضوی پاکستان فلم انڈسٹری کے بانیوں میں شامل ہیں۔ وہ انیس اگست انیس سو ننانوے کو اپنے خالق حقیقی سے جا ملے اور انہیں شاہ نور سٹوڈیو کے احاطے میں ہی دفنایا گیا۔