نیشنل ایکشن پلان پر بھرپور عملدرآمد کیلئے داخلہ کی وزارت وزیر اعلیٰ شہباز شریف کے پاس رہنے کا امکان

بدھ 19 اگست 2015 13:45

نیشنل ایکشن پلان پر بھرپور عملدرآمد کیلئے داخلہ کی وزارت وزیر اعلیٰ ..

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19 اگست۔2015ء) نیشنل ایکشن پلان پر بھرپور عملدرآمد کیلئے داخلہ کی وزارت وزیر اعلیٰ شہباز شریف کے پاس رہنے کا امکان ہے ۔ کرنل (ر) شجاع خانزادہ بطور وزیر داخلہ صوبے میں نیشنل ایکشن پلان پر بھرپور طریقے سے عملدرآمد کرا رہے تھے تاہم ان کی شہادت کے بعد سے داخلہ کی وزارت کا کسی کو کل وقتی چارج دینے یا کسی وزیر کو اضافی چارج دینے بارے باضابطہ فیصلہ سامنے نہیں آ سکا ۔

ذرائع کے مطابق امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر بھرپور عملدرآمد کے لئے داخلہ کی وزارت دوبارہ وزیر اعلیٰ شہباز شریف کے پاس ہی رہنے کا امکان ہے ۔شجاع خانزادہ سے قبل یہ وزارت وزیر اعلیٰ کے اپنے پاس تھی ۔دوسری طرف ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق موجودہ حالات میں انتہائی مشکل ذمہ داری ادا کرنے کیلئے خانزادہ جیسی باصلاحیت اور پر عزم شخصیت تلاش کرنا آسان نہیں ہوگا۔

(جاری ہے)

ایک اعلیٰ افسر کا کہنا تھا کہ اہم بات یہ ہے کہ شجاع خانزادہ شہید بنیادی طور پر ایک فوجی ہونے کے ناطے دہشتگردی اور جرائم سے لڑنے کیلئے مناسب شخصیت تھے اوروہ اپنے مقصد میں یکسو تھے، حتی کہ انہوں نے کبھی پولیس یا قانون نافذکرنے والی ایجنسیوں میں من پسند تعیناتیوں کیلئے مداخلت نہیں کی۔ انہوں نے کبھی اپنی ٹیم کی ناکامی دوسروں کے سر نہیں ڈالی۔

سیاسی مصلحتوں اور تنازعات سے پاک خانزادہ ہر ناکامی کو تسلیم کرتے ہوئے اسے اپنی ناکامی سمجھتے تھے۔انہیں انسداد دہشت گردی فورس بنانے کے اہم ہدف سونپا گیا تو انہوں نے پوری دیانت دار اور اخلاص کے ساتھ یہ ہدف پورا کیا۔اس مقصد کیلئے لاہور میں مو جود خانزادہ مسلسل متعلقہ دوست ملک کے حکام سے رابطوں میں رہے اور اس مقصد کیلئے انہیں ایک خصوصی ٹیلی فون کی سہولت بھی میسررہی۔ایک سرکاری ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت کیلئے ایسا عزم اور صلاحیت رکھنے والا متبادل وزیر تلاش کرنا مشکل دکھائی دیتا ہے۔

متعلقہ عنوان :