عالمی شہرت یافتہ فٹبالر ڈیاگو میراڈونا کی ’ہینڈ آف گاڈ‘ گول درست قرار دینے والے تیونسی ریفری سے ملاقات

بدھ 19 اگست 2015 13:51

عالمی شہرت یافتہ فٹبالر ڈیاگو میراڈونا کی ’ہینڈ آف گاڈ‘ گول درست ..

تیونس (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار19اگست۔2015ء) عالمی شہرت یافتہ فٹ بالر ڈیاگومیراڈونا کو 1986ء کے فٹبال ورلڈ کپ نے مقبولیت کی انتہا پر پہنچا دیا تھا۔ انہوں نے میگا ایونٹ میں ارجنٹینا کی قیادت کرتے ہوئے اسے عالمی چیمپئن بنایا تھا، لیکن کوارٹر فائنل میں ان کے انگلینڈ کے خلاف گول نے متنازع حیثیت اختیار کی ۔ یہ گول انہوں نے ہاتھ سے کیا تھا، جسے دنیا نے ٹی وی سکرینز پر دیکھا البتہ تیونس سے تعلق رکھنے والے ریفری علی بن ناصر نہ دیکھ سکے۔

اس فائول کا اعتراف خود میراڈونا نے کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس میں ’’خدا کا ہاتھ‘‘ تھا۔ اب تقریباً تین عشرے بعد میراڈونا نے تیونس جاکر نہ صرف علی سے ملاقات کی ہے بلکہ انہیں اپنے دستخط شدہ ورلڈ کپ شرٹ پیش کی ہے۔ اس پر تحریر تھا ’’میرے ازلی دوست علی کیلیے‘‘۔

(جاری ہے)

یہ ملاقات انتہائی خوش گوار رہی جس میں علی بن ناصر نے میراڈونا کو میچ سے قبل اپنے اور انگلش کپتان پیٹرشلٹن کے ساتھ لی گئی تصویر بطور یادگار دی۔

ریفری نے گو کہ اپنی غلطی مان لی ہے لیکن وہ اس پر شرمندہ نہیں ہیں ۔ انہوں نے اس واقعے کے تصویر فریم کرکے اپنے گھر میں لگائی ہوئی ہے ۔ خیال رہے کہ ورلڈ کپ کوارٹر فائنل کے بعد علی بن ناصر کو کسی بھی فیفا میچ میں بطور ریفری خدمات انجام دینے کا موقع نہیں دیا گیا ۔

عالمی شہرت یافتہ فٹبالر ڈیاگو میراڈونا کی ’ہینڈ آف گاڈ‘ گول درست ..