منفرد آلو سروس، نوجوان ماہانہ 10 لاکھ روپے کمانے لگا

Faizan Hashmi فیضان ہاشمی بدھ 19 اگست 2015 14:37

منفرد آلو سروس، نوجوان ماہانہ 10 لاکھ روپے کمانے لگا

(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19ا گست2015ء) اگر آپ کو کبھی ڈاک سے آلو ملے تو کیسا لگے گا؟ یقیناً حیرت ہوگی۔ایسی ہی حیرت بہت سے لوگوں کو ہوتی ہے۔ قصہ یہ ہے کہ ایک شخص نے آلو پارسل(Potato Parcel) کے نام سےایک سروس شروع کی ہے۔اس سروس کےتحت صارفین اپنے جاننے والوں کو بذریعہ ڈاک عام سے آلو بھجوا سکتے ہیں۔بڑے سائز کا ایک آلو بھجوانے کا خرچہ 9.99ڈالر ہے جبکہ درمیانے درجے کے آلو کا خرچہ 7.99ڈالر ہے۔

اس منفرد سروس میں آلو کو پارسل کرنے سے پہلے اس پر مخصوص پین سے آلو بھجوانے والے کا پیغام لکھا جاتا ہے۔زیادہ تر لوگ مزاحیہ پیغامات کے ساتھ آلو بھجواتے ہیں۔ اس کاروبار کے مالک 24 سالہ ایلکس کریگ نے بتایا کہ وہ اس کاروبار سے ماہانہ 10 ہزارڈالر کما لیتے ہیں۔ایلکس نے بتایا کہ ایک آلو پر ایک پیغام لکھنے میں30 سیکنڈ لگتے ہیں۔

(جاری ہے)

ایلکس نے یہ بھی بتایا کہ جب پہلی بار اس نے اپنی گرل فرینڈ کو اپنا بزنس پلان سنایا تو گرل فرینڈ نے کہا کہ اس نے زندگی میں اس سے زیادہ احمقانہ کاروبار نہیں سنا۔

ایلکس کا کہنا ہے کہ مئی میں کاروبار شروع کرنے سے لے کر اب تک وہ 20 ہزار آلو فروخت کر چکا ہے۔ ٹیکساس سے تعلق رکھنے والے ایلکس کو اب آسٹریلیا، برطانیہ،کینیڈا اور کئی ممالک سے آلو بھیجنے کے آرڈر موصول ہو چکے ہیں۔ آلو پانے والے تمام لوگ ٹوئیٹر پر اس آلو کی تصویر ضرور شیئر کرتے ہیں۔