سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے کوئی شیڈول جاری نہیں کیا،میڈیا رپورٹس درست نہیں، صوبائی حکومتوں سے مشاورت کے بعد شیڈول جاری کیا جائے گا ،الیکشن کمیشن کی وضاحت

بدھ 19 اگست 2015 15:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19 اگست۔2015ء) الیکشن کمیشن نے واضح کہا ہے کہ کمیشن کی طرف سے سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے کوئی شیڈول جاری نہیں کیا، اس حوالے سے میڈیا رپورٹس درست نہیں، صوبائی حکومتوں سے مشاورت کے بعد شیڈول جاری کیا جائے گا اور اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

بدھ کو کمیشن کی طرف سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے میڈیا میں شائع ہونے والی تمام خبریں غلط ہیں، سپریم کورٹ کے حکم کے بعد الیکشن کمیشن میں دونوں صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کرانے کیلئے شیڈول پر کام جاری ہے، انتخابی شیڈول کا اجراء باقاعدہ نوٹیفکیشن کے ذریعے ہو گا۔

اعلامیے میں کہا گیاہے کہ منگل کو کمیشن نے سپریم کورٹ میں جو مجوزہ شیڈول پیش کیا تھا، اس کی وجہ سے میڈیا میں ایسی رپورٹس آئیں کہ کمیشن نے شیڈول جاری کر دیا ہے۔