جنرل حمید گل ادارہ کی حیثیت رکھتے تھے، ہمیشہ پاکستان کی بات کی‘ چودھری شجاعت حسین

بدھ 19 اگست 2015 16:17

اسلام آباد/ لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19 اگست۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ جنرل حمید گل ایک انسٹیٹیوشن کی حیثیت رکھتے تھے، انہیں ہر مکتبہ فکر میں مقبولیت اور وقار کا مقام حاصل تھا۔ وہ پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی کے ہمراہ اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ پر تعزیت اور فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

محمد بشارت راجہ اور دیگر مسلم لیگی رہنما بھی ان کے ہمراہ تھے۔ چودھری شجاعت حسین نے پاکستان اور پاک فوج کیلئے جنرل حمید گل کی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس ملک کا اثاثہ تھے لیکن افسوس کہ حکومت ان سے وہ کام نہیں لے سکی جس کی وہ اہلیت رکھتے تھے کیونکہ خداداد صلاحیتوں اور قابلیت کے باعث افغانستان کا مسئلہ ہو یا کشمیر کا وہ بھرپور کردار ادا کر سکتے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جب طالبان سے مذاکرات کا موقع آیا تو سب کی بجائے وہ اکیلے ہی مذاکرات کیلئے کافی تھے، ان کی طالبان کے حلقوں میں کافی واقفیت تھی یہاں تک کہ ان کی پہنچ ملا عمر تک بھی تھی۔ چودھری شجاعت حسین نے مزید کہا کہ کشمیر کے معاملے پر وہ جو جذبات رکھتے تھے ان سے پوری دنیا واقف ہے، ان کی شخصیت ایک عالمی حیثیت کی حامل تھی یہی وجہ ہے کہ مختلف ممالک یہاں تک کہ ہندوستان میں بھی ان کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ جنرل حمید گل نے پاکستان کا درد اپنے دل میں رکھا اور ہمیشہ پاکستان کی بات کرتے تھے۔

متعلقہ عنوان :