آئی آئی آر او کی طرف سے سیلاب زدگان کے لیے 10ٹرک راشن اور میڈیکل ٹیمیں روانہ

پیکج میں ایک فیملی کیلئے آٹا،چاول،چینی،دال ،گھی اور چترال کے متاثرین کیلئے کمبل شامل خادم الحرمین الشریفین کے نائب سفیر شیخ جاسم الخالدی اور ایم این اے صاحبزادہ فیض الحسن کی تقریب میں خصوصی شرکت

بدھ 19 اگست 2015 17:21

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19 اگست۔2015ء) آئی آئی آر او کی طرف سے سیلاب زدگان کے ہزاروں گھرانوں کیلئے فوڈ پیکج کے 10ٹرک اور میڈیکل ٹیمیں اسلام آباد سے مختلف علاقوں کیلئے روانہ کردی ہیں۔ پیکج میں آٹا،چاول ،چینی،دال ،گھی اور چترال کے متاثرین کیلئے کمبل شامل ہیں ۔مذکورہ پیکج پنجاب میں سیلاب سے متاثرہ لیہ اور اس سے ملحقہ علاقوں اور چترال کے مختلف مقامات پر تقسیم کیا جائے گا،جبکہ میڈیکل ٹیمیں سیلاب زدہ مریضوں کا مفت علاج اور ادویات فراہم کریں گی۔

اس موقع پر پاکستان میں خادم الحرمین الشریفین کے نائب سفیر شیخ جاسم الخالدی اور صاحبزادہ فیض الحسن ایم این اے نے فوڈ پیکج کے سامان اور ٹرکوں کا معائنہ کیا اور متعلقہ علاقوں کیلئے اشیاء روانہ کیں، پاکستا ن میں خادم الحرمین الشریفین کے نائب سفیر شیخ جاسم الخالدی نے خطاب بھی کیا گزشتہ روز رابطہ عالم اسلامی، انٹرنیشنل اسلامک ریلیف آرگنائزیشن کے دفتر اسلام آباد میں منعقدہ تقریب کے موقع پرآئی آئی آر او کے ریجنل ڈائریکٹر جنرل شیخ ڈاکٹر عبدہ بن محمد عتین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئی آئی آر او اپنے مستقلا ً جاری پروجیکٹس کے ساتھ ساتھ قدرتی آفات سے متاثرہ عوام کی ہر ممکن مدد کرتا ہے انہوں نے کہا کہ میڈیکل ٹیمیں گزشتہ ایک عرصہ سے متاثرہ علاقون میں کام کررہی ہیں جبکہ اب تازدہ دم اور نئے سٹاف پر مشتمل مذید ٹیمیں روانہ کی جارہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے سعودی حکومت اور آئی آئی آراو کے اس عزم کو ایک بار پھر دہرایا کہ پاکستان اور سعودی عرب آپس میں مضبوط رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں یہ دو قالب یک جان ہیں اس لیے سعودی ادارے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان اور پاکستانی عوام کے شانہ بشانہ ہیں اور رہیں گے انہوں نے کہا کہ آئی آئی آر او نے ریلیف کے سلسلے میں پاکستان کو ترجیحی فہرست میں شامل رکھا ہوا ہے یہی وجہ ہے کہ ہر خوشی اور غمی کے موقع پر آئی آئی آر او صف اول میں نظر آتی ہے انہوں نے کہا کہ خدمت کا یہ سلسلہ جاری و ساری ہے اور ان شاء اﷲ رہے گا پاکستان سمیت دنیا بھر میں آئی آئی آر او کی خدمات کا دائرہ کار رنگ ونسل اور مذہب سے بالا تر ہو کر صرف خدمت انسانیت کے نام ہے اور آئی آئی آر او کی خدمات سے سفید پوش طبقہ سمیت ہر مکتبہ فکر کا فرد مستفید ہوا ہے انہوں نے کہا کہ سعودی عرب پاکستانی عوام کیلئے ہمیشہ کی طرح اپنی بے لوث خدمات جاری رکھے گا۔

متعلقہ عنوان :