اوپی ایف بورڈ آف گورنرز نے سمندر پارپاکستانیوں کو سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام ملکی ہوائی اڈوں پر ون ونڈو سہولیاتی ڈیسک قائم کرنے کی منظوری دیدی

بیرون ملک مقیم پاکستانی خصوصی توجہ کے مستحق ، ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کررہے ہیں ،درپیش مسائل کا حل حکومتی ترجیحات میں شامل ہے،سید صدرالدین شاہ راشدی

بدھ 19 اگست 2015 17:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19 اگست۔2015ء) سمندر پارپاکستانیوں کو سہولیات کی فراہمی کے پیش نظر اوپی ایف بورڈ آف گورنرز نے اپنے128ویں اجلاس میں ملک کے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر ون ونڈو سہولیاتی ڈیسک قائم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔یہ سہولیاتی ڈیسک گریونس کمشنر برائے اوورسیز پاکستانیز،وفاقی محتسب اعلیٰ پاکستان کی ہدایات کی روشنی میں قائم کئے جائیں گے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر وزارت سمندر پارپاکستانیز وترقی انسانی وسائل پیر سید صدرالدین شاہ راشدی نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کررہے ہیں اور وہ خصوصی توجہ کے مستحق ہیں۔انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی اور انہیں درپیش مسائل کا حل حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور ان کے اہل خانہ کو زیادہ سے زیادہ سہولیات اور مدد کی فراہمی کے لئے جاری منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے۔بورڈ نے اوپی ایف ویلی زون Vاسلام آباد کو گلبرگ گرین ہاؤسنگ سکیم کی سٹرک سے منسلک کرنے کی منظوری دی۔اس سڑک کے باعث اوپی ایف ہاوسنگ سکیم کی مالیت میں اضافہ اور فاصلے میں کمی واقع ہوگی۔

اوپی ایف بورڈ آف گورنرز کا اجلاس وفاقی وزیر وزارت سمندر پارپاکستانیز وترقی انسانی وسائل پیر سید صدرالدین شاہ راشدی کی زیر صدارت اوپی ایف ہیڈ آفس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔اجلاس میں وفاقی سیکرٹری وزارت سمندر پارپاکستانیز خضرحیات خان،سیکرٹر ی خارجہ اعزاز احمد چوہدری ،منیجنگ ڈائریکٹر اوپی ایف حبیب الرحمن خان،فنانشل ایڈوائزر وزارت خزانہ ڈاکٹر علمدار حسین ملک،جوائنٹ سیکرٹری وزارت دفاع مسعود حسین،ایڈیشنل ڈائریکٹر سٹیٹ بینک آف پاکستان معین الدین،بیرون ملک سے بورڈ کے ممبران بشمول انجینئر عثمان خان تراکئی،سید طیب حسین، مسعود ایم خان،محمد اصغر قریشی،راجہ لیاقت علی،سید قمر رضا،محمد اکرم ایوب چوہدری اور طارق صدیقی نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور ان کے اہل خانہ کی فلاح وبہبود کے لئے جاری اقدامات اور گزشتہ اجلاس کے دوران کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ بھی لیا گیا۔اجلاس کے دوران اوپی ایف ویلی زون Vاسلام آباد ،اوپی ایف ہاؤسنگ سکیم رائے ونڈ روڈ لاہور،اوپی ایف ہاؤسنگ سکیم چتر پڑی ، میر پور( آزاد جموں وکشمیر)اور دیگر جاری منصوبوں کا جائزہ لیا گیا اور ترقیاتی امور میں تیزی لانے پر انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا گیا۔اجلاس میں اوپی ایف کے تعلیمی اداروں کی کارکردگی سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا اس سے قبل بورڈ آف گورنرز کی ذیلی کمیٹی نے اوپی ایف ویلی زونVاسلام آباد کا دورہ کیا اور ترقیاتی امور کو سراہا۔