2010ء میں ہیٹی اور پاکستان کو فلاحی کاموں کی مد میں رقم کی ادائیگی کی ٗ فیفا

بدھ 19 اگست 2015 18:08

2010ء میں ہیٹی اور پاکستان کو فلاحی کاموں کی مد میں رقم کی ادائیگی کی ..

سیؤل(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19 اگست۔2015ء) فٹبال کی عالمی گورننگ باڈی فیفا کے صدارتی امیدوار چنگ منگ جون نے کہا ہے کہ انہوں نے 2010 میں ہیٹی اور پاکستان کو فلاحی کاموں کی مد میں رقم کی ادائیگی کی اور اسے مبینہ طور پر کسی بھی قسم کے کرپشن اسکینڈل کی تحقیقات سے جوڑنا ایک سازش اور غیر اخلاقی حرکت ہے۔انہوں نے یہ بیان ان میڈیا رپورٹس کے جواب میں دیا کہ فیفا امدادی ریلیف فنڈ کی مد میں جنوبی کورین ارب پتی کے خلاف تحقیقات کر رہا ہے جو 1990 کی دہائی سے ناصرف ملکی بلکہ عالمی سطح پر بھی ہونے والی تباہ کاریوں میں امداد کی مد میں رقم دیتے رہے ۔

عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بیان میں کہا گیا کہ حالیہ میڈیا رپورٹس کے مطابق فیفا نے اپنے اعزازی نائب صدر ڈاکٹر چنگ مونگ جون کی جانب سے 2010 میں قدرتی اآفات کے نتیجے میں آنے والی تباہ کاریوں کے بعد پاکستان اور ہیٹی کو امداد کی مد میں دی جانے والی رقم کی تحقیقات شروع کردی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر یہ رپورٹس ٹھیک ہیں تو ہم فیفا کے اس فعل کو غیر اخلاقی حرکت قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کرتے ہیں کیونکہ وہ سیاسی مقاصد کے حصول کیلئے فلاحی اور امدادی کاموں کیلئے دی جانے والی رقم کو بھی غلط انداز میں پیش کررہا ہے۔

اس سلسلے میں فیفا کی متعلقہ کمیٹی نے کوئی بیان جاری نہیں کیا ٗ فٹبال کی عالمی گورننگ باڈی کی جانب سے بھی اس بات کی تصدیق نہیں کی گئی کہ چنگ کیخلاف کسی قسم کی تحقیقات جاری ہیں۔کورین ارب پتی نے رواں ہفتے ہی پیرس میں سیپ بلاٹر کے متبادل کے طور پر خود کو فیفا کے صدارتی الیکشن کیلئے نامزد کرنے کا اعلان کیا تھا اور فیفا کے موجودہ صدر کے ساتھ ساتھ یوئیفا کے صدر اور فیفا کی صدارت کے حریف امیدوار مچیل پلاٹینی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

بلاٹر نے چنگ کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ان کی تنقید سے بہت مایوس ہوئے ہیں کیونکہ 2011 تک لگاتار 17 سال جنوبی کورین تاجر فیفا کے بااثر رکن رہے ہیں بلاٹر فیفا کے خلاف کرپشن اسکینڈل کی تحقیقات اور ان پر لگنے والے سنگین الزامات کے سبب فیفا کی صدرت سے دستبردار ہو گئے تھے اور ان کے متبادل کا انتخاب 26 فروری کو ایک فیفا کانگریس میں ہو گا۔

مئی میں امریکی حکام نے فیفا کے خلاف کرپشن تحقیقات کے سلسلے میں فیفا کے اہم ترین نو آفیشلز سمیت مارکیٹنگ اور براڈ کاسٹنگ کمپنی کے پانچ بااثر افراد کو بھی حراست میں لے لیا تھا جن پر دھوکا دہی، منی لانڈرنگ اور دیگر سنگین الزامات عائد کیے گئے۔29 مئی کو بلاٹر لگاتار پانچویں مرتبہ فیفا کے صدر منتخب ہوئے تاہم فیفا میں جاری تاریخ کے بدترین بحران کو دیکھتے ہوئے چار دن بعد وہ اپنے عہدے سے دستبردار ہو گئے۔

چنگ نے گزشتہ ماہ ایک بیان میں کہا تھا کہ انہیں خدشہ ہے کہ بلاٹر ان کی فیفا صدارت کیلئے جاری مہم کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے اپنے امدادی کاموں کے حوالے سے سوال پر کہا کہ ہم نے ترکی، بنگلہ دیش، چین اور میانمار سمیت مختلف ملکوں میں امدادی سرگرمیاں انجام دیں۔کوریا کی سب سے بڑی فلاحی تنظیم اسان فاؤنڈیشن کے چیئرمین کی حیثیت سے ڈاکٹر چنگ نے انڈونیشیا کے سونامی، پاکستان کے 2005 میں آنیوالے زلزلے اور سری لنکن سونامی میں متاثر ہونے والوں کو طبی امداد فراہم کرنے میں فاؤنڈیشن کی مدد کی۔

متعلقہ عنوان :