عالمی برا دری بھارت کو نیوکلیئر ایشیا کے امن کو تہس نہس کرنے سے باز رکھے،چوہدری عبدالمجید

انتہا پسند بھارتی حکمرانوں کے جارحانہ اقدامات ا س خطے میں کسی بڑے سانحے کوجنم دے سکتے ہیں وزیراعظم آزادکشمیر کی بھار ت کی ایل او سی پر بلا اشتعال گولہ باری کی شدید مذمت،شہید افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی کااظہار،زخمیوں کو علاج معالجہ کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کی ہدات

بدھ 19 اگست 2015 19:09

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19 اگست۔2015ء) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجیدنے عالمی برا دری سے اپیل کی کہ وہ بھارت کو نیوکلیئر ایشیا کے امن کو تہس نہس کرنے سے باز رکھے، انتہا پسند بھارتی حکمرانوں کے جارحانہ اقدامات ا س خطے میں کسی بڑے سانحے کوجنم دے سکتے ہیں،بھارتی حکمرانوں کے جارحانہ اقدامات نے اس خطے میں بسنے والے دو ارب انسانوں کے مستقبل کو خطرات سے دوچار کررکھا ہے اور خطے کے امن کو یرغمال بنا رکھا ہے ۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے بھارتی حکمرانوں کی طرف سے ایل او سی پر بلا اشتعال گولہ باری کی شدید مذمت کی اور گولہ باری کے نتیجہ میں شہید ہونے والے افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی کااظہار اور بھارتی گولہ باری کے نتیجہ میں زخمی ہونے والے افراد کو علاج معالجہ کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی وزیراعظم نے محکمہ صحت عامہ کو ہدایت کی کہ لائن آف کنٹرول پر جدید ہیلتھ سکواڈ فراہم کیے جائیں تاکہ سویلین آبادی کو فوری اور بہتر علاج کی سہولیات میسر آسکیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم آزادکشمیر نے بھارتی حکمرانوں سے بھی کہا کہ وہ جارحانہ اقدامات کے ذریعے ایل او سی پر آباد سویلین آبادی کے حوصلوں کو پست نہیں کرسکتے۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ امن پسند دنیا برصغیر نیوکلیئر ایشیا میں 2ارب انسانوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے لائن آف کنڑول پر بھارتی گولہ باری بند کرائے اور بھارت کو جارحانہ اقدامات سے باز رکھے۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے مقبوضہ کشمیر میں ڈیمو گرافک چینج کے بھارتی منصوبے کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ریاست جموں وکشمیر کے عوام نے بھارت کے غیر قانونی قبضے کو مسترد کررکھا ہے ۔مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں کشمیریوں کی منظم نسل کشی ،زیر حراست ہلاکتوں،حریت قیادت کی نظر بندی اور خواتین کی بے حرمتی کے تمام بھارتی منصوبے ناکام ہوں گے۔

مقبوضہ کشمیر سے بھارت کا غیر قانونی تسلط ختم ہو کر رہے گا۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ کشمیری عوام نے بھارت کے جابرانہ تسلط سے آزادی حاصل کرنے کا مصمم ارادہ کررکھا ہے بھارتی حکمران جابرانہ تسلط کے ذریعے اپنے قبضے کو مزید دوام نہیں دے سکتے۔ وزیراعظم نے کہاکہ کشمیری شہداء کا لہو رنگ لا کر رہے گا۔مقبوضہ کشمیر میں جاری حق خودارادیت کی تحریک دراصل تحریک تکمیل پاکستان ہے جو کامیابیوں سے ہمکنار ہو کر رہے گی۔ بھارتی حکمرانوں کے جارحانہ اقدامات کشمیریوں کی آزادی کاراستہ نہیں روک سکتے

متعلقہ عنوان :