ٹڈاپ دستکار خواتین کے وفد کو بیرون ملک بھجوا رہا ہے، ثمینہ فاضل

خواتین کی استعداد بڑھا کر با اختیار بنانے کی کوشش خوش آئند ہے، نائمہ انصاری

بدھ 19 اگست 2015 20:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19 اگست۔2015ء)اسلام آبادویمن چیمبر کی بانی صدرثمینہ فاضل نے کہا ہے کہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے سربراہ ایس ایم منیر نے خواتین دستکاروں کے ایک وفد کو استعداد اور کاروباری مواقع بڑھانے کی غرض سے آسٹریلیا بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے جو خوش آئند ہے۔ یہ خواتین وہاں مختلف نمائشوں میں شرکت کریں گی جس سے انکی معاشی حالت تبدیل ہو سکتی ہے جس کا اثر انکی زات اور گھر کے علاوہ سارے معاشرے پر پڑے گا۔

ثمینہ فاضل نے یہ بات گزشتہ روز خواتین دستکاروں اور چیمبر کی ممبران کے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انھوں نے کہا کہ ہماری دستکار اپنے فن میں یکتا ہیں مگر انھیں نہ تو قرضوں تک رسائی ہے نہ ملکی و غیر ملکی منڈیوں تک جس کی وجہ سے غربت انکا مقدر بن گئی ہے۔

(جاری ہے)

دستکاری میں طاق خواتین کی بھاری اکثریت اپنے گھروں سے کام کرتی ہیں جس سے انکی گھریلو مصروفیات پر فرق نہیں پڑتا مگر اس سے انکی آمدن پر بھی مثبت اثرات مرتب نہیں ہوتے۔

ٹڈاپ کی جانب سے خواتین کی سرپرستی سے انکی زندگی میں خوشگوار تبدیلی آ سکتی ہے۔ اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کی سابق نائب صدر نائمہ انصاری نے کہا کہ آگہی ، مواقع اور قرضوں میں کمی خواتین کی ترقی کی راہ میں بڑی رکاوٹیں ہیں جنھیں ہٹائے بغیر ملکی ترقی ناممکن ہے۔ اسی لئے پاکستان میں اکثریت کا معیار زندگی بہتر ہے نہ تبدیلی تک کوئی امید ہے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت، سرکاری ادارے اور غیر سرکاری تنظیمیں خواتین کی ترقی کو اپنے ایجنڈا میں سر فہرست رکھیں تاکہ صورتحال بہتر ہو سکے۔