قائداعظم یونیورسٹی نے بی اے ، بی ایس سی پارٹ ون اور پارٹ ٹو کے سالانہ امتحانات 2015ء کے نتائج کا اعلان کر دیا، نتائج کا تناسب 44.09 فیصد رہا

بدھ 19 اگست 2015 21:45

اسلام آباد ۔ 19 اگست (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19 اگست۔2015ء) قائداعظم یونیورسٹی نے بی اے ، بی ایس سی پارٹ ون اور پارٹ ٹو کے سالانہ امتحانات 2015ء کے نتائج کا اعلان کر دیا، پہلی تینوں پوزیشنیں طالبات کے حصہ میں رہیں۔ بدھ کو اعلان کئے جانے والے نتائج کے مطابق 3 ہزار 20 طلباء و طالبات نے بی اے، بی ایس سی پارٹ ون کے امتحان میں حصہ لیا جس میں سے ایک ہزار 392 کامیاب ہوئے۔

نتائج کا تناسب 44.09 فیصد رہا۔ بی اے، بی ایس سی پارٹ ٹو کے امتحانات میں ایک ہزار 390 طلباء و طالبات پاس ہوئے جن کے نتائج کا تناسب 10.74 فیصد رہا۔ نتائج کے مطابق بی اے پارٹ ٹو میں ماڈل کالج فار گرلز ایف سکس ٹو کی ثناء مشتاق نے 592 نمبر لیکر پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ آئی ایم سی جی ایف سیون فور کی ثناء رمضان اور آئی ایم سی جی ایف سیون ٹو کی شبانہ نے بالترتیب 584 اور 578 نمبر لیکر دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔

(جاری ہے)

بی ایس سی پارٹ ٹو کے امتحانات میں آئی ایم سی جی ایف سکس ٹو کی سمبل سعید نے 668 نمبر لیکر پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ آئی ایم سی جی ایف سکس ٹو کی شمسہ جبین اور آئی ایم سی جی ایف سیون ٹو کی حفضہ عابد بالترتیب 644 اور 639 نمبر لیکر دوسری اور تیسری پوزیشن پر رہیں۔ قائداعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر جاوید اشرف اور کنٹرولر ایگزمینیشن سردار بابر نے نتائج کا اعلان کیا۔ اس موقع پر قائداعظم یونیورسٹی کے کثیر تعداد میں اساتذہ اور آئی سی ٹی کالجز کے پرنسپلز بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :