ملک مختلف دشمنوں کے ساتھ حالت جنگ میں ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی کیلئے 1965 والا جذبہ ابھارنے کی ضرورت ہے، یوم دفاع ملی جوش و جذبے اور شایان شان طریقے سے منائیں گے ، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں کامیابی کیلئے نوجوانوں میں 1965 کی جنگ والا جذبہ ابھارنے کی ضرورت ہے

وزیر دفاع خواجہ آصف کا یوم دفاع کی تقریبات کو شایان شان طریقے سے منانے کیلئے خصوصی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب جنگ ستمبر کے شہداء کو خراج عقیدت کیلئے خصوصی پروگرام منعقد ہوں گے، وفاقی کابینہ کے ارکان شہداء کی قبروں پر حاضری دیں گے اور فاتحہ خوانی کریں گے، خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ

بدھ 19 اگست 2015 23:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19 اگست۔2015ء) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی کیلئے 1965 والا جذبہ ابھارنے کی ضرورت ہے، ملک اس وقت مختلف دشمنوں کے ساتھ حالت جنگ میں ہے، ہم جنگ ستمبر کی 50ویں سالگرہ شاندار انداز میں منائیں گے کیونکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی کیلئے نوجوانوں میں 1965 کی جنگ والا جذبہ ابھارنے کی ضرورت ہے۔

وہ بدھ کو یہاں یوم دفاع کی تقریبات کو شایان شان طریقے سے منانے کیلئے خصوصی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔اجلاس میں 6ستمبر کو یوم دفاع ملی جوش و جذبے اور شایان شان طریقے سے منانے کا فیصلہ کیاگیا، جنگ ستمبر کے شہداء کو خراج عقیدت کیلئے خصوصی پروگرام منعقد ہوں گے۔ چھ ستمبر یوم دفاع کی تقریبات کو شایان شان طریقے سے منانے کیلئے خصوصی کمیٹی کا اجلاس وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید اور وزیر سیفرن عبدالقادر بلوچ سیکرٹری کیبنٹ راجہ حسن عباس ، سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) عالم خٹک اور یگر نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ چھ ستمبر یوم دفاع بھرپور قومی جوش و جذبے سے منایا جائے گا، دن کا آغاز مساجد میں ملکی خوشحالی کیلئے خصوصی دعاؤں سے ہو گا، جنگ ستمبر کے شہداء کو خراج عقیدت کیلئے خصوصی پروگرام منعقد ہوں گے، غازیوں اور ان کے خاندانوں کو قوم کی طرف سے خراج تحسین پیش کیا جائے گا اور وفاقی کابینہ کے ارکان شہداء کی قبروں پر حاضری دیں گے اور فاتحہ خوانی کریں گے، جنگ کے دوران ملکی اتحاد کو اجاگر کرنے والوں کیلئے بھی خصوصی پروگرام ہوں گے جن میں دانشوروں، فنکاروں اور گلوکاروں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا، جنگ ستمبر کی 50ویں سالگرہ شاندار انداز میں منانے کیلئے میڈیا سے اپیل کی جائے گی جس کیلئے پروگرام سے متعلق ذمہ داری وزارت اطلاعات کو سونپی گئی ہے۔

جبکہ اجلاس سے خطاب میں خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی کیلئے 1965 والا جذبہ ابھارنے کی ضرورت ہے، ملک اس وقت مختلف دشمنوں کے ساتھ حالت جنگ میں ہے، ہم جنگ ستمبر کی 50ویں سالگرہ شاندار انداز میں منائیں گے کیونکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی کیلئے نوجوانوں میں 1965 کی جنگ والا جذبہ ابھارنے کی ضرورت ہے (اح)