جنوبی افریقہ میں گرل فرینڈ کا قتل ‘مجرم پسٹوریئس کی قبل ازوقت رہائی روک دی گئی

جمعرات 20 اگست 2015 12:26

جنوبی افریقہ میں گرل فرینڈ کا قتل ‘مجرم پسٹوریئس کی قبل ازوقت رہائی ..

جوہانسبرگ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20 اگست۔2015ء)جنوبی افریقہ میں وزیر برائے انصاف مائیکل میسوٹہ نے آسکر پسٹوریئس کو جیل سے قبل ازوقت گھر جانے سے روک دیا ہے۔خیال رہے کہ گذشتہ برس اکتوبر میں جنوبی افریقہ کے ایتھلیٹ آسکر پسٹوریئس کو اپنی گرل فرینڈ کو غلطی سے قتل کرنے کے جرم میں پانچ برس قید کی سزا سنائی گئی تھی جنوبی افریقہ کے وزیربرائے انصاف نے بتایا کہ قیدیوں کی جلد رہائی سے متعلق پے رول بورڈ کی جانب سے دس ماہ کی قید کے بعد پسٹوریئس کی رہائی کا فیصلہ قبل ازوقت ہے اور بغیر کسی قانون کے کیا گیا ہے۔

قانونی ذرائع نے بی بی سی کو بتایا ہے اب بورڈ کی جانب سے پسٹوریئس کی قبل ازوقت رہائی کے فیصلے کا دوبارہ جائزہ لینے میں کئی ماہ لگ سکتے ہیں۔پسٹوریئس کو آئندہ جمعے کو جیل سے گھر میں نظر بند کیا جانا تھا۔

(جاری ہے)

توقع کی جا رہی تھی کہ وہ اپنی سزا کا بقیہ عرصہ دارالحکومت پریٹوریہ میں اپنے ایک انکل کے تین منزلہ گھر میں گزاریں گے۔جنوبی افریقہ کے قانون کے مطابق پسٹوریئس کو اصلاحی نگرانی کے تحت جلد رہائی مل سکتی ہے۔

ان کے ایک عزیز نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ وہ اس خبر پر حیران اور نا امید ہیں وزیر برائے انصاف مائیکل ماسوٹہ نے اپنے بیان میں کہا کہ بورڈ کی جانب سے آسکر پسٹوریئس کو گھر میں نظر بند رکھنے کا فیصلہ جلد بازی میں کیا گیا۔ انھوں نے بتایا کہ پانچ سال قید کی سزا کا چھٹا حصہ 10 ماہ پر مشتمل ہوتا ہے تاہم جب یہ فیصلہ ہوا تو اس وقت پسٹوریئس نے چھ ماہ قید کاٹی تھی۔

خیال رہے کہ جب کوئی قیدی اپنی سزا کا چھٹا حصہ کاٹ لیتا ہے تو متعلقہ پے رول بورڈ اس کے کیس کا جائزہ لیتا ہے۔پسٹورئئس کے ہاتھوں 2013 میں ویلنٹائن ڈے کے موقع پر قتل ہونے والی ریوا سٹین کیمپ کی 32 سالگرہ پر اہلِ خانہ ایک چھوٹی سی تقریب میں منائیں گے۔سالگرہ پورٹ ایلیزبتھ میں ان کے آبائی علاقے میں سمندر میں پھول پھینک کر منائی جائے گی۔خیال رہے کہ پسٹوریئس کی 10 ماہ سے کچھ دن قبل رہائی کے خلاف وزارتِ انصاف کو جنوبی افریقہ کی پروگریسیو وومن موومنٹ کی جانب سے ایک درخواست بھجوائی گئی تھی۔