برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کے طیارے کی اکانومی کلاس میں سفر نے مسافرو ں کو حیران کر دیا

جمعرات 20 اگست 2015 12:35

برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کے طیارے کی اکانومی کلاس میں سفر نے مسافرو ..

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20 اگست۔2015ء) برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کے طیارے کی اکانومی کلاس میں سفر نے مسافرو ں کو حیران کر دیا جبکہ ایک خاتون نے ان کی خفیہ سیلفی بنا کر سوشل میڈیا پر ڈال دی جس سے لوگ وزیراعظم کے بارے میں مختلف آراء کا اظہار کر رہے ہیں۔ڈیوڈ کیمرون نے ملک کے وزیر اعظم ہونے کے باوجود سادگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے، حال ہی میں ایک بچت طیارے کی اکانومی کلاس سے ہوائی سفر کیا۔

سوشل میڈیا کے صارفین میں وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون کی ایک تصویر موضوع بحث بنی ہوئی ہے۔ یہ تصویر ایک لڑکی نے اس وقت اتاری ہے جب وہ سستی ائیر لائن کی پرواز کی اکانومی کلاس سے ہوائی سفر کر رہے تھے۔اخبار ’مرر‘ کے مطابق، ڈیوڈ کیمرون کے طیارے کی ایک ساتھی مسافر ایشیلی نے وزیر اعظم کو اپنی جانب متوجہ نہ دیکھ کر ان کیساتھ اپنی ایک خفیہ سیلفی اتار لی، جب وہ دوران پرواز ناشتے میں ایک پونڈ اسی پینس کی چپس کھارہے تھے۔

(جاری ہے)

برطانیہ سے پرتگال کے لیے اڑان بھرنے والی بچت پرواز کی مسافر 16 سالہ ایشیلی اور ان کے ساتھی کو یہ احساس ہوا کہ وہ وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون سے صرف چند نشستوں کے فاصلے پر بیٹھے ہیں۔ایشیلی نے اپنی ٹویٹ میں حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں دنگ رہ گئی ہوں، مجھ سے تین نشستوں کی دوری پر وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون بیٹھے ہیں اور ناشتے میں پرنگلز کے پیپریکا چپس کھارہے ہیں ۔

انھیں دیکھ کر میں رو پڑی ہوں۔ایشیلی کی خفیہ سیلفی میں ان کے پس منظر میں وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون اپنے محافظوں کے ساتھ بیٹھے نظر آرہے ہیں، جبکہ تصویر دھندلی ہونے کے باوجود دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ جپس کھاتے ہوئے اپنے آئی پیڈ پر مصروف ہیں۔

ایشیلی نے ذرائع کو بتایا کہ مجھے ان کی منکسر المزاجی نے حیران کردیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون ان دنوں پرتگال میں الگاروو میں اپنی اہلیہ سمانتھا کیمرون اور تینوں بچوں کے ساتھ گرمیوں کی تعطیلات منا رہے ہیں اور وہ ویک اینڈ پر ایک سرکاری تقریب میں شرکت کی غرض سے واپس برطانیہ آئے تھے اور لگتا ہے کہ وہ اس پرواز کے ذریعے واپس پرتگال اپنے خاندان کے پاس جارہے تھے۔

تاہم، ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ سیلفی نے وزیر اعظم کی کھانے پینے کی عادتوں کا بھی انکشاف ہوا ہے جس میں وہ پرنگلز چپس سے لطف اندوز ہوتے نظر آرہے ہیں۔وزیر اعظم کی تصویر کے حوالے سے سوشل میڈیا کی صارفین نے حیرانگی کا اظہار کیا ہے ایک ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ کیسے ممکن ہے کہ وہ فرسٹ کلاس میں بھی سفر نہیں کر رہے ہیں۔ لگتا ہے واقعی برطانیہ پر کڑا وقت آگیا ہے۔ایک اور صارف نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ڈیوڈ کیمرون نے اکانومی کلاس سے سفر کرکے خود کو عوامی وزیر اعظم ظاہر کرنے کی کوشش کی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ پہلی بار نہیں ہے جب وزیر اعظم نے سستی ائیرلائن کی پرواز سے سفر کیا ہے۔ انھوں نے اس سے پہلے 2013 میں پرتگال میں چھٹیاں منانے کے لیے بجٹ پرواز کا استعمال کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :