امریکی فضائی بیڑے میں انتہائی مہنگے اور خطرناک طیارے کا اضافہ

جمعرات 20 اگست 2015 13:15

امریکی فضائی بیڑے میں انتہائی مہنگے اور خطرناک طیارے کا اضافہ

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20 اگست۔2015ء)امریکا نے دنیا کاسب سے مہنگا ہتھیاروں کا سسٹم تیار کرلیا ہے جو اب اس کے فضائی بیٹرے کا حصہ ہے۔آواز سے زیادہ تیز، پھرتیلا اور خفیہ رہ کر دنیا کے بہترین دفاعی نظام کو ناکارہ بنانے کی صلاحیت رکھنے والا لڑاکا طیارہ ایف 35 بالآخر امریکی فضائی بیڑے کا حصہ بن گیا ہے۔ f-35 لائٹنگ 5th جنریشن ملٹی رول ایئر کرافٹ ہے جو ہر موسم میں فضا سے زمین اور فضا سے فضا میں اپنی برتری ثابت کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جبکہ عمودی لینڈنگ اور پرواز کی صلاحیت بھی اسے دوسرے طیاروں سے ممتاز کرتی ہے۔

طیارے میں 10 سے زائد ہارڈ پوائنٹس ہیں جن میں سے 5 اس کے اندر نصب ہیں۔ان تمام ہارڈ پوائنٹس پریہ روایتی ہتھیار کروز میزائل اور گائیڈڈ بم لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ یہ اسٹیلتھ ٹیکنالوجی اور الیکٹرانک وار فیئر جیسی خصوصیات سے بھی لیس ہے جس سے جہاں یہ راڈارز کی نظروں سے بچ کر دنیا کے بہترین دفاعی نظام میں داخل ہوسکتا ہے، وہیں اسے ناکارہ بھی بنا سکتا ہے۔

یہ طیارہ جدید ترین ریڈارزسینسرز اور ایویونکس کی بدولت پائلٹ کوزمین اور فضا میں چاروں طرف کے حالات سے نہ صرف باخبر رکھتا ہے بلکہ جمع کی گئی انٹیلیجنس کو براہ راست اس سے لنک دوسرے اسٹیشنز کو بھی بھیج سکتا ہے۔ اس طیارے کے حصول کے لیئے امریکا کو جہاں 15 سال کا طویل انتظار کرنا پڑا و ہیں 400 ارب ڈالرز یعنی 400 کھرب پاکستانی روپے بھی خرچ کرنا پڑے ہیں،جس سے یہ دنیا کے مہنگے ترین ہتھیار وں کا پروگرام ہونے کا اعزاز حاصل کرچکا ہے۔