اسلام آباد ،مدارس انتظامیہ نے وفاقی پولیس کو تعاون کی یقین دہانی کروا دی

جمعرات 20 اگست 2015 13:39

اسلام آباد اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20 اگست۔2015ء وفاقی دارالحکومت میں قائم مقام مدارس انتظامیہ نے وفاقی پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کروا دی ہے وفاقی پولیس دن کے وقت مدارس میں جا کر کسی بھی طالب علم کے بارے میں اطلاعات جمع کر سکے گی ۔ اشتعال انگیز تقاریر پر مدارس میں مکمل پابندی ہو گی ۔ مسجد اور مدارس میں لاؤڈ سپیکر کا غط استعمال نہیں کیا جائے گا ذرائع کے مطابق گزشتہ روز وفاقی دارالحکومت کی مدارس انتظامیہ کے وفد نے آئی جی اسلام آباد طاہر عالم سے سینٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی اور مدارس پر چھاپوں سے متعلق اپنے تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے مدارس پر ریڈ کرتے ہیں اور ہمارے طالب علموں ، اساتذہ اور دیگر سٹاف کو کسی بھی وقت بلاوجہ اٹھا کر لے جاتے ہیں ۔

(جاری ہے)

مدارس انتظامیہ نے پولیس کی براہ راست مدارس میں کارروائیوں پر اعتراض کیا اور کہا کہ اگر پولیس کو کوئی ڈیٹا مطلوب ہے تو انتظامیہ سے بات کرے اور انہوں نے رات کے وقت مدارس پر چھاپوں کی بھی مخالفت کی ۔ اس کے جواب میں آئی جی اسلام آباد طاہر عالم نے کہا کہ ہمیں وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کی جانب سے ہدایات دی گئیں ہیں کہ ان مدارس کی تلاشی ضرور لی جائے جہاں طالب علم مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہیں ۔

آئی جی طاہر عالم کا مزید کہنا تھا کہ مذہبی اسکالرز معاشرے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں ہم آپ کے تحفظات دور کرنے کی کوشش ضرور کریں گے۔ آئی جی نے لاؤڈ سپیکر کے بے جا استعمال نہ کرنے پر بھی ضرور دیا اور کہا کہ مضافاتی علاقوں میں مذہبی اسکالرز کو لاؤڈ سپیکر سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کی ضرورت ہے ۔مدارس انتظامیہ نے اس بات کی یقین دہانی کروائی ہے کہ مدارس اور مساجد میں بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے گا اور کسی کو بھی فرقہ وارانہ فسادات پھیلانے کی اجازت نہیں ہو گی اور اشتعال انگیز تقاریر پر بھی مکمل پابندی ہو گی ۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ مدارس انتظامیہ نے آئی جی اسلام آباد طاہر عالم کو اپنے تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے اور پولیس کو مطلوب تمام انفارمیشن فراہم کی جائے گی ۔

متعلقہ عنوان :