حماس کا اسرائیلی جاسوس ڈولفن پکڑنے کا دعویٰ

ڈولفن پر جاسوسی کے آلات نصب ہیں جن میں کیمرے بھی شامل ہیں،حماس

جمعرات 20 اگست 2015 17:48

حماس کا اسرائیلی جاسوس ڈولفن پکڑنے کا دعویٰ

غزہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20 اگست۔2015ء )فلسطینی عسکریت پسند تنظیم حماس نے غزہ کے ساحل کے قریب ایک اسرائیلی جاسوس ڈولفن پکڑنے کا دعویٰ کردیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حماس کا کہنا ہے کہ ڈولفن پر جاسوسی کے آلات نصب ہیں جن میں کیمرے بھی شامل ہیں۔بظاہر یہ ڈولفن حماس کے بحری یونٹ نے پکڑی ہے جس کے بعد اسے ساحل پر لایا گیا ہے۔ البتہ حماس کی جانب سے اس ڈولفن کی کوئی تصویر جاری نہیں کی گئی ہے۔

القدس کا کہنا ہے کہ اسرائیلی سکیورٹی فورسز نے اس ڈولفن کو اس کی مرضی کے خلاف ایک ’قاتل‘ میں تبدیل کر دیا تھا۔اخبار کی رپورٹ کے مطابق اس سے حماس کے بحری جنگی یونٹ کی تشکیل پر اسرائیل کا ’غصہ اور بیچینی‘ بھی ظاہر ہوتی ہے۔اسرائیلی حکام نے جاسوس ڈولفن پکڑنے جانے کی اطلاعات پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔

(جاری ہے)

اسرائیل غزہ کی زمینی، بحری اور فضائی سرحدوں کو کنٹرول کرتا ہے اور یہ پہلا موقع نہیں کہ اسرائیل پر جانوروں یا پرندوں کو جاسوسی کے لیے استعمال کرنے کا الزام لگا ہو۔

2010 میں اسرائیل نے مصر کے ان الزامات کو مسترد کر دیا تھا کہ بحیرہ احمر میں شارک مچھلیوں کے حملوں کے پیچھے اسرائیل کی خفیہ ایجنسی موساد کا ہاتھ تھا۔اس واقعے کے چند ہفتے بعد سعودی عرب میں جی پی ایس ٹرانسمیٹر سے لیس ایک گدھ پکڑا گیا تھا اور اسے بھی موساد کی کارروائی قرار دیا گیا تھا۔