صحت مند معاشرے کی تشکیل کیلئے کھیلوں کافروغ نہایت ضروری ہے‘ شہبازشریف

وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف سے پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کی ملاقات پاکستانی نوجوانوں میں بہت ٹیلنٹ ہے ، پاکستانی کھلاڑیوں نے عالمی سطح پرملک کا نام روشن کیا ہے،کرکٹ پاکستان میں بے حد مقبول ہے،پنجاب حکومت نے کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں کے فروغ کیلئے موثر اقدامات کیے ہیں قومی کرکٹرز نے سری لنکا کے خلاف حالیہ سیریز میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کر کے فتح حاصل کی ہے صوبے بھر میں کرکٹ ،ہاکی سمیت دیگر کھیلوں کے میدان آباد کیے گئے ہیں :وزیراعلیٰ کی قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سے گفتگو

جمعرات 20 اگست 2015 21:40

صحت مند معاشرے کی تشکیل کیلئے کھیلوں کافروغ نہایت ضروری ہے‘ شہبازشریف

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20 اگست۔2015ء وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے گزشتہ روز یہاں پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے ملاقات کی،جس میں کرکٹ کے کھیل کے فروغ کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ وزیراعلیٰ نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ پاکستان کا بے حدمقبول کھیل ہے اورقومی کرکٹ کے کھلاڑیوں نے سری لنکا کے خلاف حالیہ سیریز میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کر کے فتح حاصل کی ہے جس پر قومی کرکٹ ٹیم کی مینجمنٹ اورکھلاڑی مبارکباد کے مستحق ہیں۔

کرکٹ ٹیم کی کھلاڑیوں نے سری لنکا کے ہوم گراوٴنڈ پر محنت، ریاضت اورنظم و ضبط کے ذریعے شاندار کھیل کا مظاہر ہ کیا ،جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔ کھلاڑی پاکستان کے عظیم سفیر ہیں اور سری لنکا کے دورے کے دوران انہوں نے کھیل کے میدان کے اندر اورباہر بہترین ٹیم ورک سے یہ بات ثابت کی ہے ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں کو فروغ دے کر معاشرے میں مثبت رجحانات میں اضافہ اور منفی سرگرمیوں کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے ۔

کھیل معاشرے میں نظم وضبط کو فروغ دینے کے ساتھ ٹینشن میں کمی کاباعث بنتے ہیں،یہی وجہ ہے کہ پنجاب حکومت نے کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں کے فروغ کیلئے موثر اقدامات کیے ہیں۔صحت مند معاشرے کی تشکیل کیلئے کھیلوں کافروغ نہایت ضروری ہے اورکھیلوں کا فروغ انتہاء پسندی کے رجحانات کے خاتمے میں ممدومعاون ثابت ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں میں بہت ٹیلنٹ ہے اور پاکستانی کھلاڑیوں نے کئی مواقع پر عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔

تاہم ٹیلنٹ کو نکھارنے کیلئے نچلی سطح پر کرکٹ کے کھیل کے فروغ کیلئے جامع منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔انہو ں نے کہا کہ جہاں کھیل کے میدان آباد ہوں وہاں ہسپتال ویران ہوتے ہیں۔ پنجاب حکومت صوبے میں سپورٹس کی سرگرمیوں کے فروغ پر خطیر وسائل صرف کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں کرکٹ ،ہاکی سمیت دیگر کھیلوں کے میدان آباد کیے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ زمبابوے کی لاہور میں ہونے والی حالیہ سیریز کے دوران پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کی جانب اہم پیش رفت ہوئی ہے اور امید ہے کہ مستقبل میں مزید کرکٹ ٹیمیں پاکستان آ کر میچ کھیلیں گی