قطر سے ایل این جی کی درآمد منصوبے پر حتمی مذاکرات کیلئے قطر کی اعلیٰ سطحی ٹیم (کل) اسلام آباد پہنچے گی ، مذاکرات کامیاب نہ ہونے کی صورت میں ایل این جی کی درآمد کے منصوبہ کا مستقبل خطرے میں پڑنے کا خدشہ

جمعرات 20 اگست 2015 21:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20 اگست۔2015ء) قطر سے 200ملین مکعب فٹ ایل این جی کی درآمد کے منصوبے پر حتمی مذاکرات کیلئے قطر کی اعلیٰ سطح کی ٹیم (کل) اسلام آباد پہنچے گی ، مذاکرات کامیاب نہ ہونے کی صورت میں ایل این جی کی درآمد کے منصوبہ کا مستقبل خطرے میں پڑنے کا امکان ہے تاہم وزارت پٹرولیم کے حکام پرامید ہیں کہ قطر کے ساتھ تمام معاملات خوش اسلوبی سے طے پا جائیں گے ۔

جمعرات کو ذرائع نے بتایا کہ ایل این جی خریداری معاہدے پر بات چیت کیلئے قطر کا وفد (کل) جمعہ کو اسلام آباد پہنچے گاجو وزارت پٹرولیم کے حکام سے معاہدے کو حتمی شکل دینے کیلئے مذاکرات کرے گا ۔ ذرائع کے مطابق قطری وفد حتمی تجاویز لے کر آ رہا ہے جبکہ اگر اس پر اتفاق نہ ہوا تو قطر کی حکومت کی جانب سے پاکستان کو 200ملین مکعب فٹ ایل این جی کی فروخت کا منصوبہ ترک کر دیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

ذرائع نے اس حوالے سے بتایا کہ ایل این جی خریداری معاہدے پر بات چیت کیلئے قطر کا وفد تین مرتبہ پاکستان کا دورہ کر چکا ہے جبکہ وزارت پٹرولیم کے اعلیٰ حکام بھی قطر کے کئی دورے کر چکے ہیں لیکن ایل این جی خریداری معاہدے کے متنازعہ نکات تاحال طے نہیں ہو سکے تاہم وزارت پٹرولیم کے سینئر حکام پرامید ہیں کہ قطر کے ساتھ ایل این جی کے منصوبے پر معاملات خوش اسلوبی سے طے پا جائیں گے