تین سالہ محنت کا نتیجہ ہے آج نوجوان سپورٹس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں، عثمان انور

جمعہ 21 اگست 2015 12:16

تین سالہ محنت کا نتیجہ ہے آج نوجوان سپورٹس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21 اگست۔2015ء) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور نے کہا ہے کہ ہماری تین سالہ محنت کا نتیجہ ہے کہ آج نوجوان سپورٹس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں اور ملک بھر میں سپورٹس کا کلچر فروغ پا رہا ہے۔جشن آزادی کے موقع پر ہونیوالے بیس بال کے میچ میں جنوبی پنجاب، صوابی، پشاور سمیت ملک کے دور دراز علاقوں سے کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں، بیس بال کے کھلاڑیوں کی تربیت کیلئے جاپان سے کوچ بلایا ہے، جس سے کھلاڑی اپنے کھیل کو مزید بہتر کرسکیں گے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز پنجاب سٹیڈیم میں جشن آزادی کے سلسلہ میں سپورٹس بورڈ پنجاب کے تعاون سے بیس بال ایسوسی ایشن پنجاب کے زیراہتمام ہونیوالے میچ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور میچ کے مہمان خصوصی تھے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنر ل سپورٹس پنجاب عثمان انور نے مزید کہا کہ ملک میں سپورٹس کے ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، پنجاب حکومت نے نوجوانوں کو پلیٹ فارم مہیا کیا ہے، بیس بال فیڈریشن کو بین الاصوبائی چیمپیئن شپ کا اہتمام کرنا چاہئے تاکہ نوجوانوں میں بیس بال کا کھیل زیادہ سے زیادہ مقبول ہو، پنجاب میں ایک ہزار گراؤنڈ بنا رہے ہیں جس میں بیس بال کھیلنے کی بھی سہولت میسر ہوگی، بیس بال کے کھلاڑیوں کی تربیت کیلئے جاپان سے کوچ ٹوما ایروکاواکوبلایا ہے جو کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ کوچز کو بھی تربیت دے رہے ہیں، کھلاڑی تربیت حاصل کرکے آئندہ ہونیوالے بیس بال ایشیا کپ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

اس موقع پر ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور سے کھلاڑیوں کا تعارف کرایا گیا، کھلاڑیوں نے مہمان خصوصی کے ساتھ گروپ فوٹو بھی بنوائے، اس موقع پر صدر بیس بال فیڈریشن پاکستان سید خاور شاہ نے ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور کو سوینئر پیش کیا۔ قبل ازیں سٹیڈیم پہنچنے پر ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور کا صدر بیس بال فیڈریشن پاکستان کے صدر سید خاور شاہ اور دیگر عہدیداروں نے استقبال کیا اور ان کوگلدستہ پیش کیا۔جشن آزادی کے سلسلہ میں سپورٹس بورڈ پنجاب کے تعاون سے پنجاب بیس بال ایسوسی ایشن کے زیراہتمام پنجاب سٹیڈیم میں ہونیوالے میچ میں پاکستان گرین نے امپیریل کی ٹیم کو10-5 سے شکست دیدی