دعائیں اور دوائیں اثر دکھانے لگیں ،رشید گوڈیل کی طبیعت میں مزید بہتری آ گئی ، ترجمان لیاقت نیشنل ہسپتال

جمعہ 21 اگست 2015 16:00

دعائیں اور دوائیں اثر دکھانے لگیں ،رشید گوڈیل کی طبیعت میں مزید بہتری ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21 اگست۔2015ء)لیاقت نیشنل اسپتال میں داخل ایم کیوایم کے رہنما رشید گوڈیل کی حالت بہتر ہونا شروع ہوگئی ہے۔ دعا ئیں اور دوا ئیں اپنا اثر دکھانے لگی ہیں۔ترجمان لیاقت نیشنل اسپتال انجم رضوی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ رشید گوڈیل کا بلڈ پریشراوردل کی دھڑکن نارمل ہے اور ان کی حالت مسلسل بہترہورہی ہے تاہم جب تک وہ آئی سی یو میں ہیں انہیں خطرے سے باہرنہیں کہا جاسکتا جب کہ مزید 3 سے 4 روز انہیں آئی سی یو میں ہی رکھا جائے گا۔

ڈاکٹرز کے مطابق رشید گوڈیل کو آزمائشی طور پر وینٹی لیٹر سے ہٹایا گیا ہے۔ 24 گھنٹے گزرنے کے بعد رشید گوڈیل کو وینٹی لیٹر کی ضرورت نہیں پڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرسلمان فریدی کی سربراہی میں 18 رکنی میڈیکل پینل نے رشید گوڈیل کا معائنہ کیا اور اب بھی ان کی پسلی میں ایک گولی موجود ہے تاہم ان کی حالت اس قابل نہیں کہ آپریشن کیا جائے۔

(جاری ہے)

ترجمان کا کہنا تھا کہ رشید گوڈیل نے پلکیں جھپکا کر اشارہ کیا اور اہلخانہ کو پہنچانا جس سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ ان کی یادداشت بھی ہے اور وہ پہنچاننے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں تاہم وہ ابھی کسی بھی قسم کا بیان دینے کی پوزیشن میں نہیں ہیں جب کہ ڈاکٹرزنے فیصلہ کیا ہے کہ انہیں آئندہ 12 سے 16 گھنٹے وینٹی لیٹرکے بغیررکھا جائے گا۔

تاہم اگلے 24 گھنٹے رشید گوڈیل کی صحت کے حوالے سے مزید اہم ہیں۔دوسری جانب پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی کے انچارج راجہ عمر خطاب نے کہا ہے کہ رشید گوڈیل کی طبعیت ایسی نہیں کہ وہ کوئی بیان دے سکیں ۔چند لمحوں کی فوٹیج سے صورت حال واضح نہیں ہورہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ رشید گوڈیل پر حملہ سائلنسر لگی پستول سے کیا گیا ہے ۔2موٹرسائیکل سواروں نے رشید گوڈیل کی چلتی گاڑی پر فائرنگ کی ۔ساری کارروائی 10سے 15منٹ میں ہوئی ۔حملہ آور شہید ملت روڈ کی عقبی گلی سے آئے تھے ۔انہوں نے مزید کہا کہ رشید گوڈیل پر حملے کی تحقیقات جاری ہیں ۔حملے میں کون سا گروپ ملوث ہے اس کی تحقیقات کررہے ہیں ۔